ضمنی انتخابات: چھتیس گڑھ کی مرواہی ضمنی انتخابات میں کانگریس امیدوار کرشن کمار کی جیت

قومی آواز گرافکس
قومی آواز گرافکس
user

قومی آوازبیورو

10 Nov 2020, 8:34 PM

چھتیس گڑھ کی مرواہی ضمنی انتخابات میں کانگریس امیدوار کرشن کمار کی جیت

بلاسپور: چھتیس گڑھ میں مرواہی اسمبلی ضمنی انتخاب میں کانگریس امیدوار کرشن کمار دھرو نے بی جے پی کے گمبھیر سنگھ کو 38 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی۔ دھرو ووٹنگ کےابتدائی مرحلے سے ہی سبقت بنائے ہوئے تھے اور وہ 19 ویں راونڈ تک 35 ہزار ووٹوں سے آگے تھے۔ آخری راونڈ میں ووٹوں کا فرق38,197 ہوگیا۔ موصولہ اعدادوشمار کے مطابق دھرو کو 83,561 ووٹ ملے جبکہ سنگھ کو 45,364 ملے ہیں۔

10 Nov 2020, 4:58 PM

جھارکھنڈ کی دونوں اسمبلی سیٹوں پر بی جے پی کو شکست کا سامنا

مدھیہ پردیش، گجرات اور اتر پردیش سے بی جے پی کے لیے اچھی خبریں ضرور آ رہی ہیں، لیکن چھتیس گڑھ اور ہریانہ میں بی جے پی کو زبردست جھٹکا لگا ہے جہاں کی 1-1 اسمبلی سیٹوں پر اس کے امیدوار کی شکست ہوئی ہے۔ اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ جھارکھنڈ کی جن دو اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخاب ہوئے تھے ان دونوں سیٹوں پر بی جے پی کو شکست ہاتھ لگی ہے۔ ذرائع کے مطابق بیرو اسمبلی سیٹ پر کانگریس امیدوار کمار جے منگل نے جیت حاصل کی ہے جب کہ دمکا اسمبلی سیٹ سے جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے بسنت سورین نے کامیابی حاصل کی ہے۔

10 Nov 2020, 4:19 PM

چھتیس گڑھ: ایک اسمبلی سیٹ پر ہوئے ضمنی انتخاب میں کانگریس کی فتح

چھتیس گڑھ کی مرواہی اسمبلی سیٹ پر ہوئے ضمنی انتخاب میں کانگریس امیدوار نے فتح کا پرچم لہرایا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق کانگریس امیدوار ڈاکٹر کے. کے. دھرو نے بی جے پی امیدوار ڈاکٹر گمبھیر سنگھ کو کثیر ووٹوں کے فرق سے شکست دی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ہریانہ کی برودا اسمبلی سیٹ پر بھی کانگریس امیدوار نے کامیابی حاصل کی ہے۔


10 Nov 2020, 3:10 PM

ہریانہ: رجحان میں کانگریس امیدوار نے بنائی سبقت

ہریانہ میں ایک اسمبلی سیٹ کے لیے ضمنی انتخاب ہوا جس کے لیے ووٹ شماری جاری ہے۔ برودا اسمبلی سیٹ پر ہوئی پولنگ کے رجحانوں میں کانگریس کے لیے خوشخبری سامنے آ رہی ہے کیونکہ اس واحد سیٹ پر کانگریس امیدوار اندو راج اب تک تقریباً 50 فیصد ووٹ حاصل کرتے ہوئے زبردست سبقت بنائے ہوئی ہیں۔ بی جے پی امیدوار یوگیشور دت نے تقریباً 40 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں۔ دونوں کے درمیان تقریباً 10 ہزار ووٹوں کا فرق ہے۔

10 Nov 2020, 12:49 PM

گجرات: سبھی 8 اسمبلی سیٹوں پر بی جے پی امیدوار آگے

گجرات میں سبھی 8 اسمبلی سیٹوں کا رجحان سامنے آ گیا ہے اور بی جے پی وہاں کلین سوئپ کرتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ حالانکہ کچھ سیٹوں پر کانگریس سخت مقابلہ دے رہی ہے، لیکن گجرات میں بی جے پی کو کوئی نقصان پہنچتا ہوا نظر نہیں آ رہا ہے۔


10 Nov 2020, 11:18 AM

مدھیہ پردیش: کانگریس نے 9 سیٹوں پر بنائی سبقت، بی جے پی 18 سیٹوں پر آگے

مدھیہ پردیش کی سبھی 28 اسمبلی سیٹوں کا رجحان سامنے آ گیا ہے۔ بی جے پی یہاں 17 سیٹوں پر جب کہ کانگریس 9 سیٹوں پر سبقت بنائے ہوئی ہے۔ بقیہ دو سیٹوں پر بہوجن سماج پارٹی امیدوار آگے ہیں۔ کچھ سیٹوں پر سخت مقابلہ دیکھنے کو مل رہا ہے، لیکن بی جے پی اکثریت کے لیے ضروری سیٹیں بہ آسانی حاصل کرتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔

10 Nov 2020, 10:36 AM

اتر پردیش: 7 سیٹوں کے رجحان میں بی جے پی کو 5 سیٹوں پر سبقت

اتر پردیش میں 7 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہوئے تھے جن میں سے 5 سیٹوں پر بی جے پی امیدوار نے شروعاتی رجحانوں میں سبقت بنا لی ہے۔ 2 سیٹوں پر سماجوادی پارٹی کے امیدوار نے سبقت بنائی ہے۔ اس طرح دیکھا جائے تو اتر پردیش سے بی جے پی کے لیے اچھی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ حالانکہ یہ شروعاتی رجحان ہے اور ممکن ہے کچھ دیر میں حالات کچھ تبدیل ہو جائیں۔


10 Nov 2020, 9:32 AM

مدھیہ پردیش: 28 میں سے 24 سیٹوں کا رجحان آیا سامنے

مدھیہ پردیش میں 28 اسمبلی سیٹوں پر پولنگ ہوئی تھی جس کی گنتی آج جاری ہے۔ 28 سیٹوں میں سے 24 اسمبلی سیٹوں کا رجحان سامنے آ گیا ہے جس میں 17 سیٹوں پر بی جے پی اور 7 سیٹوں پر کانگریس امیدوار سبقت بنائے ہوئے ہیں۔

10 Nov 2020, 8:53 AM

گیارہ ریاستوں کی 58 اسمبلی سیٹوں کے لیے بھی ووٹ شماری شروع

بہار اسمبلی انتخاب کے ساتھ ساتھ ملک کی 11 ریاستوں کی 58 اسمبلی سیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخاب کے نتائج کا بھی آج اعلان ہونے والا ہے۔ ان ریاستوں میں ووٹ شماری کا آغاز ہو چکا ہے۔ صبح 8 بجے سے ہی ووٹوں کی گنتی شروع ہو گئی۔ جن 58 سیٹوں پر ووٹ ڈالے گئے تھے ان میں سب سے زیادہ سیٹیں مدھیہ پردیش کی ہیں جہاں 28 سیٹوں پر ووٹنگ ہوئی تھی۔ گجرات کی 8، اتر پردیش کی 7، منی پور کی 4، اڈیشہ، ناگالینڈ، کرناٹک اور جھارکھنڈ کی 2-2 سیٹوں پر ووٹ ڈالے گئے تھے۔ چھتیس گڑھ، تلنگانہ اور ہریانہ کی ایک ایک سیٹ پر ووٹنگ ہوئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔