ضمنی انتخاب: 5 اسمبلی سیٹوں پر ووٹوں کی گنتی جاری، لدھیانہ میں عآپ اور کالی گنج میں ٹی ایم سی امیدوار آگے
19 جون کو پنجاب کی لدھاینہ، مغربی بنگال کی کالی گنج، کیرالہ کی نیلامبر، گجرات کی وداسور اور کادی سیٹوں پر ضمنی انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی تھی۔ یہ سیٹیں کسی کے انتقال یا استعفیٰ کے بعد خالی ہوئی تھیں۔

ملک کی 4 ریاستوں کی 5 اسمبلی سیٹوں پر جمعرات کو ووٹنگ ہوئی تھی۔ ان سبھی سیٹوں پر آج نتیجے سامنے آنے والے ہیں۔ اس سلسلے میں آج صبح 8 بجے سے ہی ووٹنگ مراکز پر ووٹوں کی گنتی شروع ہو گئی جو تحفظ کے سخت انتظام میں ابھی جاری ہے۔ 19 جون کو پنجاب کی لدھاینہ، مغربی بنگال کی کالی گنج، کیرالہ کی نیلامبر، گجرات کی وداسور اور کادی سیٹوں پر ضمنی انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی تھی۔
تازہ خبر کے مطابق ابھی لدھیانہ ویسٹ سیٹ پر عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے سنجیو اروڑہ 10 ہزار ووٹوں سے سبقت بنائے ہوئے ہیں۔ وہیں کانگریس کے بھارت بھوشن دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ بی جے پی کے جیون گپتا 7 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے پیچھے ہوتے ہوئے تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
مغربی بنگال کی کالی گنج سیٹ پر ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی امیدوار علیفہ احمد آگے چل رہی ہیں جبکہ کانگریس کے قابل الدین شیخ دوسرے اور بی جے پی کے آشیش گھوش تیسرے مقام پر ہیں۔ وہیں گجرات کی وداسور سیٹ کے شروعاتی رجحانوں میں عام آدمی پارٹی آگے چل رہی ہے۔ عآپ امیدوار اطالیہ گوئل 7 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے آگے ہیں، وہیں بی جے پی کے کیرتی پٹیل دوسرے نمبر پر ہیں۔
لدھیانہ کے ایس پی ڈی کے چودھری نے بتایا کہ خالصہ کالج میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ پورے احاطہ مین تحفظ کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ کالج میں تین سطح کی سیکوریٹی موجود ہے۔ 450 کے تقریباً پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
غور طلب ہے کہ گجرات، پنجاب اور مغربی بنگال میں جن سیٹوں پر ضمنی انتخاب ہوئے ہیں، وہاں کے موجودہ ایم ایل اے کا انتقال ہو گیا تھا، جس کی وجہ سے یہ سیٹیں خالی ہو گئی تھیں وہیں کیرالہ اور گجرات کی ایک۔ایک سیٹ پر ایم ایل اے نے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد وہاں بھی ضمنی انتخاب کرانے کی نوبت آ گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔