ضمنی انتخاب: شریکانت تیاگی نے کھتولی میں بی جے پی کے خلاف کی تشہیر

شریکانت تیاگی نے کہا کہ حکومت پہلے ہی تیاگی برادری کو مجرم بنانے کا کام کر چکی ہے۔ برادری ناراض ہے اور اس بار تیاگی برادری کھتولی ضمنی انتخاب میں بی جے پی کو ووٹ نہیں دے گی۔

شریکانت تیاگی
شریکانت تیاگی
user

قومی آوازبیورو

مظفرنگر: تیاگی برادری کی حمایت سے خوش ہو کر بی جے پی لیڈر شریکانت تیاگی اب مظفرنگر ضلع کی کھتولی اسمبلی سیٹ پر پارٹی کے خلاف مہم چلا رہے ہیں، جہاں 5 دسمبر کو ضمنی انتخاب ہونا ہے۔ تیاگی برادری نے حال ہی میں ایک پنچایت کا اہتمام کیا تھا، جس میں انہوں نے ضمنی انتخاب میں بی جے پی کی مخالفت کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ کھتولی میں بی جے پی کا سیدھا مقابلہ سماجوادی پارٹی اور راشٹریہ لوک دل کے مشترکہ امیدواور سے ہے۔

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شریکانت تیاگی نے کہا کہ حکومت پہلے ہی تیاگی برادری کو مجرم بنانے کا کام کر چکی ہے۔ برادری ناراض ہے اور اس بار تیاگی برادری کھتولی ضمنی انتخاب میں بی جے پی کو ووٹ نہیں دے گی۔ عوام صرف اس امیدوار کو ووٹ دیں گے جو بی جے پی امیدوار سے مقابلہ کر سکے۔


خیال رہے کہ رواں سوال اگست میں شریکانت کو یوپی یوپی پولیس نے نوئیڈا میں ایک خاتون کے ساتھ مار پیٹ کرنے کے الزام میں ایک مبینہ ویڈیو کے منظرعام پر آنے کے بعد مقدمہ درج کیا تھا۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔ اس کے بعد شریکانت کو چھیڑ چھاڑ، فساد، دھوکہ دہی اور گینگسٹر ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت گرفتار کر کے میرٹھ کی جیل بھیج دیا گیا تھا۔ بعد ازاں 21 اگست کو ان کی حمایت میں نوئیڈا میں ایک 'مہاپنچایت' کا اہتمام کیا گیا تھا۔

شریکانت تیاگی کو دو ماہ جیل میں گزارنے کے بعد اکتوبر میں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔ کھتولی اسمبلی سیٹ پر ضمنی انتخاب، بی جے پی کے ایم ایل اے وکرم سنگھ سینی کو 2013 کے مظفر نگر فسادات کے معاملہ میں سزا سنائے جانے اور نااہل قرار دیئے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ وکرم سینی کی بیوی راج کماری سینی کھتولی سے بی جے پی کی امیدوار ہیں جبکہ آر ایل ڈی نے مدن بھیا کو میدان میں اتارا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */