مدھیہ پردیش میں بڑا حادثہ، مسافروں سے بھری بس نرمدا ندی میں گر گئی، 10 سے زائد لاشیں نکالی گئیں

اندور سے مہاراشٹر جا رہی مسافر بس کھل گھاٹ سنجے سیتو پل پر توازن بگڑنے کی وجہ سے 25 فٹ نیچے دریا میں گر گئی۔ فی الحال 10 سے زائد مسافروں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی
سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش کے دھار ضلع کے کھل گھاٹ میں ایک بڑا سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ تقریباً 40 مسافروں سے بھری ایک بس نرمدا ندی میں گر گئی ہے۔ معلومات کے مطابق اندور سے مہاراشٹر کی طرف جا رہی مسافر بس کھل گھاٹ سنجے سیتو پل پر توازن بگڑنے کی وجہ سے 25 فٹ نیچے دریا میں گر گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس حادثے میں کئی زخمی بھی ہوئے ہیں، جنہیں ایمبولینس کی مدد سے دھمنود کے سرکاری اسپتال بھیجا گیا ہے۔ دھمنود پولیس اور خلٹاکہ پولیس نے موقع پر مورچہ سنبھال رکھا ہے، غوطہ خور ریسکیو میں مصروف ہیں۔ این ڈی آر ایف کی ٹیم بھی راحت کے لیے موقع پر پہنچ گئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے لیا نوٹس

وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے صبح کھرگون-دھر کے درمیان واقع کھل گھاٹ میں بس حادثے کا نوٹس لیا ہے۔ بس کے کھائی میں گرنے کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ کو جلد پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بس کو کرین کی مدد سے باہر نکالا گیا۔ مسافروں کو بچانے کا کام جاری ہے۔


ضلعی انتظامیہ موقع پر موجود ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ایس ڈی آر ایف بھیجنے کی ہدایات دی ہیں، اس کے علاوہ ضروری وسائل کو جائے حادثہ پر بھیجنے اور زخمیوں کے مناسب علاج کے انتظامات کرنے کی بھی ہدایات دی ہیں۔ وزیر اعلی کھرگون، اندور ضلع انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ وہیں سابق سی ایم کمل ناتھ نے دھار ضلع کے کھل گھاٹ میں ہوئے حادثے پر غم کا اظہار کیا۔ حکومت اور انتظامیہ سے جنگی بنیادوں پر ریسکیو کام کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ جلد عوام کو ریلیف فراہم کی جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔