بارہ بنکی میں بس حادثہ، 8 لوگوں کی موت، 20 زخمی

حادثے کے بعد مقامی لوگوں نے بس میں پھنسے ہوئے مسافروں کو نکالنے کا کام شروع کر دیا، اس دوران پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے 8 افراد کو مردہ قرار دیا۔

بس حادثہ، تصویر آئی اے این ایس
بس حادثہ، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

بارہ بنکی: اتر پردیش کے بارہ بنکی میں پوروانچل ایکسپریس وے پر سڑک کنارے کھڑی ڈبل ڈیکر بس کو پیر کی صبح دوسری تیز رفتار بس نے ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں کم از کم آٹھ مسافروں کی موت ہو گئی جبکہ تقریباً 20 مسافر شدید زخمی ہوگئے جنہیں لکھنؤ کے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کے مناسب علاج کے انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا، "پوروانچل ایکسپریس وے پر سڑک حادثے میں جانی ہلاکتوں کی خبر انتہائی اندوہناک ہے۔ متعلقہ حکام کو فوری راحت اور بچاؤ کی کارروائیوں اور زخمیوں کے مناسب علاج کی ہدایات دی گئی ہیں"۔


پولیس ذرائع نے بتایا کہ بہار کے دربھنگہ سے دہلی جا رہی ایک ڈبل ڈیکر بس پوروانچل ایکسپریس وے پر سڑک کے کنارے کھڑی دوسری بس سے ٹکرا گئی۔ اس حادثہ میں بس میں بیٹھے مسافر زخمی ہوگئے۔ اس حادثے میں تیز رفتار بس کے آٹھ مسافروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔

حادثے کے بعد مقامی لوگوں نے بس میں پھنسے ہوئے مسافروں کو نکالنے کا کام شروع کر دیا ہے، اس دوران پولیس نے موقع پر پہنچ کر ایمبولینس کی مدد سے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے آٹھ افراد کو مردہ قرار دیا۔ زخمیوں میں بہار کے سیتامڑھی اور مظفر نگر کے 12 سے زیادہ مسافر شامل ہیں، جن میں سے کئی کی حالت نازک ہے۔ بس کو ٹکر مارنے والی بس کا ڈرائیور اور خلاصی فرار ہو گئے۔ مرنے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔


اس حادثے کے بعد پوروانچل ایکسپریس وے کی ایک لین پر ٹریفک جام ہوگیا۔ حادثے کا شکار ہونے والی بسوں کو کرین کی مدد سے الگ کر کے ٹریفک کو چالو کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہلوکین کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔