دھاگے کی اضافی قیمت سے بنکروں کے سامنے زبردست مشکلات کا سامنا: تفضّل حسین انصاری

بنکر ادھیکار سنگٹھن کے صدر تفضل حسین انصاری نے کہا کہ دھاگہ پر 60 روپئے کلو دام میں اضافہ ہوا ہے۔ اس حساب سے تیار مال پر 8 روپئے قیمت بڑھنا چاہئے لیکن وہ تو ہو نہیں رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بارہ بنکی: حکومت کی ناقص پالیسی اورخام مال کی قیمت میں اضافہ اور تیار مال کی صحیح قیمت نہ ملنے کے سبب بنکر آج پریشان حال ہیں اور اس کی وجہ سے اپنے آبائی پیشہ چھوڑ کر دوسرا پیشہ اختیار کرنے پر مجبور ہیں۔ یہ بات بنکر ادھیکار سنگٹھن کے صدر تفضل حسین انصاری نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہی۔

تفضل حسین انصاری نے کہا کہ دھاگہ پر 60 روپئے کلو دام میں اضافہ ہوا ہے۔ اس حساب سے تیار مال پر 8 روپئے قیمت بڑھنا چاہئے لیکن وہ تو ہو نہیں رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھاگہ کی قیمت پر آگ لگنے کی کئی وجہ ہیں ایک تو مہنگائی پر سرکارکا کوئی کنٹرول نہیں ہے، دوسرے کوئلے کی کمی اور مہنگا، و تیسرے ہمارے ملک ہندوستان سے دھاگہ 40 فیصد چائنا اور امریکہ ایکسپورٹ ہورہا ہے ہم لوگوں کو دھاگہ مل ہی نہیں رہا ہے،جب دھاگہ مارکیٹ میں ملے گا نہیں تو کیسے کارخانے چلیں گے۔


مسٹر تفضل نے کہا کہ ایک ماہ کا عرصہ گزرگیا ہے دھاگہ پر قیمت بڑھتی ہی جارہی ہے تخفیف ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی ہے،جس سے چھوٹا بڑا بنکر سبھی پریشان ہے، خاص کر چھوٹے بنکرکواپنے مستقبل پررونا آ رہا ہے۔ اگر کچھ دن اور ایسا رہا تو ایک دم بنکروں کے کارخانے بند ہوجائیں گے، ان کے چولہے ٹھنڈے اور برتن پلٹ جائیں گے، بھکمری کا شکار ہونے لگے گیں اور جب یہ حالات ہوجائیں گے تو بنکر خودکشی کرنے پر آمادہ ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دوسال سے بنکروں کی بجلی سبسڈی کے لئے ہم سبھی بنکر جدوجہد کررہے ہیں لیکن حکومت صرف یقین دہانی کرواکر دوڑا رہی ہے۔ حالانکہ معلوم ہوا ہے مارچ 2021 تک کی سبسڈی کا تحریری حکم نامہ محکمہ کے پاس بہت جلد آنے والا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہمارا بنکر طبقہ اتنا پریشان ہے لیکن جو بڑے بنکر ہمارے ضلع میں ہیں وہ لوگ اپنے لب ہلانے کو ابھی تک تیار نہیں ہیں۔جبکہ کئی لوگ بنکروں کے نام پر ایسوسی ایشن، سنگٹھن،سبھا چلا کر بنکر نیتا بنے ہوئے ہیں۔

تفضل حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دھاگہ کی مہنگائی پر حکومت کنٹرول کرےاور ایکسپورٹ پہلے کی طرح شروع کرکے بنکروں کو ملنے والا ڈرا بیگ دے اور سابقہ حکومت کی طرح بنکروں کےلئے پاور لوم اسکیم کا نظم کرے جس میں کم سے کم چار لوم اور مفت بجلی بنکروں کو مہیا کرے۔مسٹر انصاری نے آخر میں کہا بنکر ادھیکار سنگٹھن بہت جلد ضلع سطح پر دھرنامظاہرہ کے ساتھ ایک میمورنڈم ڈی ایم کو سوپنے کی تیاری کررہا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔