بندیل کھنڈ ایکسپریس وے نے یوگی سرکار میں جاری بدعنوانی کو اجاگر کیا: اکھلیش

اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے ترقی کا پروپیگنڈہ کر کے عوام کو گمراہ کیا ہے۔ وہی ترقیاتی پروجکٹس بدعنوانی کی نظر چڑھ رہے ہیں۔ وزراء اور افسران میں سرکاری بجٹ کے بندر بانٹ کی ہوڑ لگی ہوئی ہے۔

اکھلیش یادو، تصویر یو ین آئی
اکھلیش یادو، تصویر یو ین آئی
user

یو این آئی

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) صدر اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی کی ڈبل انجن حکومت کے تعمیراتی کاموں میں جاری بدعنوانی جالون کے بعد اوریا میں بھی ظاہر ہوگئی، جہاں ایکسپریس وے نیچے دھنس گیا ہے اور اس میں گڑھے بن گئے۔

اکھلیش یادو نے اتوار کو جاری بیان میں کہا کہ بی جے پی حکومت نے ترقی کا پروپیگنڈہ کر کے عوام کو گمراہ کیا ہے۔ وہ ترقیاتی پروجکٹس بدعنوانی کی نظر چڑھ رہے ہیں۔ وزراء اور افسران میں سرکاری بجٹ کے بندر بانٹ کو ہوڑ لگی ہوئی ہے۔ حال ہی میں جس بندیل کھنڈ ایکسپریس وے کے افتتاح کا ڈنکا پیٹا گیا وہ بدعنوانی کا مظہر بن گیا ہے۔ حکمرانوں نے ایکسپریس وے کی تعمیر میں ایسا کھیل کھیلا کہ گھٹیا تعمیر ایک بارش بھی برداشت نہیں کرسکی۔ وزیر اعظم کے ذریعہ افتتاح کیا گیا بندیل کھنڈ ایکسپریس وے کئی مقامات پر ٹوٹ گیا۔


ایس پی سربراہ اکھلیش نے کہا کہ سماجوادی پارٹی میں کئے گئے ترقیاتی کام آج بھی اپنی کوالٹی کی وجہ سے کافی مضبوط ہیں۔ اس وقت کی حکومت میں بنے آگرہ۔ لکھنؤ ایکسپریس وے پر آج تک کوئی شکایت نہیں آئی جبکہ اس پر کئی لڑاکو طیارے سمیت سب سے وزنی طیارہ ہرکیولس بھی اترچکا ہے۔ سماج وادی حکومت میں گاؤں کو شہروں سے جوڑنے کے لئے بہترین سڑکیں تعمیر کرائی گئی تھیں۔ سماج وادی اقتدار میں گاؤں میں جو سڑکیں بنی تھیں اس سے آگے بی جے پی حکومت نے کوئی کام نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا ایجنڈا سماجی ہم آہنگی کو زک پہنچانا ہے۔ سماج میں کشیدگی پیدا کر اپنا سیاسی مفاد حاصل کرنا ہی بی جے پی کا ہدف ہے۔ جبکہ ایس پی جمہوریت اور سماجی یکتا کے لئے کمربستہ ہے۔ بی جے پی اقتدار کے لئے حکومت کا غلط استعمال کرتی ہے۔ سماجوادی حکومت میں ترقی کا راستہ بنتا رہا ہے۔ بی جے پی تباہی و انہدام کی سیاست کر رہی ہے اور اقتدار حاصل کرنے کے لئے نفرت پھیلانے میں لگی رہتی ہے۔


اکھلیش یادو نے کہا کہ اس حکومت کے پاس تبادلے کے کاروبار کے علاوہ کوئی کام نہیں ہے۔ بی جے پی حکومت کے پاس اپنا کوئی ویژن نہیں ہے۔ عوام کے مسائل کے حل میں حکومت کی کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ اترپردیش ترقی کے شرائط میں کئی قدم پیچھے چھوٹ رہا ہے۔ ریاست کی بدحالی کے لئے بی جے پی حکومت پوری طرح سے ذمہ دار ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔