تریپورہ میں بی جے پی لیڈروں کی غنڈہ گردی! کانگریس کا صدر راج نافذ کرنے کا مطالبہ

تریپورہ میں جرائم کے سرکاری اعداد و شمار دیتے ہوئے کانگریس لیڈروں نے کہا کہ بی جے پی کے 52 ماہ کے دور حکومت میں ریاست میں 604 قتل، 644 اغوا، 1778 چوری کی وارداتیں ہوئیں۔

ڈاکٹر اجے کمار
ڈاکٹر اجے کمار
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے اتوار کو کہا کہ تریپورہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں کی غنڈہ گردی کھلے عام جاری ہے اور وہاں نظم و نسق نام کی کوئی چیز نہیں ہے، اس لیے ریاست میں فوری طور پر صدر راج نافذ کیا جانا چاہیے۔ کانگریس کے تریپورہ انچارج ڈاکٹر اجے کمار، پارٹی کے سینئر لیڈر سدیپ رائے برمن، آشیش شاہ اور سریتا لیت فلانگ نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ بی جے پی لیڈر مسلسل ملک کے کونے کونے میں قانون شکنی کا کام کر رہے ہیں اور اسی طرح کی غنڈہ گردی و جنگل راج تریپورہ میں بھی جاری ہے۔ ریاست میں کانگریس کے 50 سے زیادہ دفاتر میں توڑ پھوڑ اور آگ زنی کی گئی ہے اور تمام اپوزیشن جماعتوں کے 150 سے زیادہ دفاتر پر حملہ کیا گیا ہے۔

تریپورہ میں جرائم کے سرکاری اعداد و شمار دیتے ہوئے کانگریس لیڈروں نے کہا کہ بی جے پی کے 52 ماہ کے دور حکومت میں ریاست میں 604 قتل، 644 اغوا، 1778 چوری کی وارداتیں ہوئیں۔ ملک میں سب سے زیادہ خودکشی تریپورہ میں ہوتی ہے۔ کانگریس لیڈران پر جان لیوا حملے ہو رہے ہیں اور اس معاملے میں ڈائریکٹر جنرل آف پولیس سے شکایت بھی کی گئی ہے لیکن ان شکایات پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔


انہوں نے بی جے پی کے دور حکومت میں ہونے والے جرائم کے واقعات کی ہائی کورٹ کے جج کی سربراہی میں جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ یہ حیرت کی بات ہے کہ غنڈہ گردی بی جے پی کے کارکنان کرتے ہیں اور ہراساں کانگریس لیڈران اور کارکنوں کو کیا جاتا ہے اورچن چن کر کانگریس لیڈران کے گھروں پر حملے کئے جا رہے ہیں۔ بی جے پی لیڈروں کے خلاف جو شکایت ہوتی ہے تو ان پر کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔ لوک سبھا میں کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری کی قیادت میں ایک وفد نے تریپورہ جا کر انتظامیہ سے شکایت بھی کی، لیکن کوئی سنوائی نہیں ہو رہی ہے۔

کانگریس لیڈروں نے کہا کہ تریپورہ میں جس طرح سے بی جے پی کی غنڈہ گردی چل رہی ہے اس سے ایسا نہیں لگتا کہ ملک واقعی آزاد ہے اور ہر کسی کو آزادی سے جینے کا حق ہے۔ سدیپ رائے برمن نے کہا کہ تریپورہ میں جس طرح عام لوگوں پر ظلم ہو رہا ہے اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ گھوٹالوں سے متعلق فائلوں کو دبانے کے لیے سرکاری دفاتر میں توڑ پھوڑ اور آگ زنی کے واقعات ہو رہے ہیں، لوٹ مار جاری ہے اور ایسا لگتا ہے کہ وہاں کوئی سکون سے نہیں رہ سکتا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔