انسپکٹر قتل معاملہ: بجرنگ دل کارکنان سمیت 100 گئو رکشکوں کے خلاف رپورٹ درج

بلند شہر تشدد معاملہ میں پولس نے بجرنگ دل کے 27 کارکنان اور 70 نامعلوم افراد سمیت تقریباً 100 گئو رکشکوں کے خلاف رپورٹ درج کی ہے۔ معاملہ میں بجرنگ دل کا لیڈر یوگیش اہم ملزم بنایا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بلند شہر: اترپردیش میں بلند شہر کے سيانہ علاقے میں پیر کو مبینہ گئوكشی کے خلاف احتجاج کے دوران گئو ركشكوں کی بھیڑ اور پولس کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں کوتوالی انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ سمیت دو افراد کی موت کے معاملہ میں پولس نے 27 نامزد اور تقریباً 70 نامعلوم افراد کے خلاف رپورٹ درج کی ہے۔ پولس نے اس واقعہ میں چارملزمان کو بھی گرفتار کیا ہے۔ خبروں کے مطابق اس معاملے میں بجرنگ دل کے لیڈر یوگیش راج کو اہم ملزم بنایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا بلند شہر کا تبلیغی اجتماع شر پسند عناصر کے نشانے پر تھا؟

وزیر اعلی يوگی آدتیہ ناتھ نے بلند شہر واقعہ کی تحقیقات دو دن میں مکمل کرا کر رپورٹ حکومت کو سونپنے کی ہدایت دی ہے۔ ایڈیشنل پولس ڈائرکٹر جنرل (انٹیلی جنس) ایس بی سروڈكر کی قیادت میں ایس آئی ٹی کی ٹیم نے بلند شہر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا بلند شہر فساد کا نشانہ انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ تھے؟

سيانہ تھانہ علاقہ كے چنگراوٹھی چوکی انچارج سب انسپکٹر سریش کمار نے تشدد، فساد، فائرنگ اور آتش زنی کے معاملہ میں رپورٹ درج کی ہے۔

سینئر پولس سپرنٹنڈنٹ کے بی سنگھ نے منگل کوبتایا کہ پولس نے اس واقعہ میں شامل دو ملزمان چمن اور دیویندر کو گرفتار کیا گیا ہے، معاملے کی تفتیش جاری ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولس چھاپے مار رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان کی دھر پکڑ کے لئے 6 ٹیموں نے تقریباً 25 مقامات پر دبش دی گئی ہے۔ تمام ملزمان کی سرگرمی سے تلاش کی جا رہی ہے۔

اس واقعہ کے بعد چنگراوٹھی گاؤں میں سناٹا چھایا ہوا ہے۔ گاؤں میں عورتیں، بچے اور بوڑھوں کے علاوہ تمام لوگ فرار ہو گئے ہیں۔ گاؤں میں صرف پولس بوٹوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔

مقتول داروغہ کے جسد خاکی کو پولس لائن میں سلامی دی گئی، اس موقع پر اے ڈی جی پرشانت کمار، آئی جی رام کمار، ضلع مجسٹریٹ، سینئر پولس سپرنٹنڈنٹ سمیت کئی افسران موجود تھے۔ داروغہ کے جسد خاکی کو ان کے رشتہ داروں کے حوالے کر دیا گیا ہے، جسے لے کر وہ ایٹہ کے لئے روانہ ہو گئے ہیں۔

قابل غور ہے کہ بلند شہر کے سيانہ کوتوالی علاقے میں پیر کو مبینہ گئوكشی کے خلاف احتجاج کے دوران گئوركشكوں کی بھیڑ نے ہنگامہ کرتے ہوئے کوتوالی انسپکٹر کو قتل کر دیا تھا، اس فساد میں ایک دیگر نوجوان کی بھی موت ہو گئی تھی جبکہ چار دیگر شدید زخمی ہو گئے تھے۔

مشتعل گئو رکشکوں نے چنگراوٹھی پولس چوکی پر جم کر توڑ پھوڑ کی اور پھر آگ لگا دی۔ پولس کی کئی جیپ اور نصف درجن ٹووہیلر پھونک ڈالے گئے تھے۔ پولس کی جوابی کارروائی میں چنگراوٹھی گاؤں کے ایک گئو رکشک سمت کمار کی گولی لگنے سے موت ہوگئی۔ جھڑپ کے دوران پولس سرکل افسر ستیہ پرکاش، داروغہ سریش چودھری، ہوم گارڈ کا جوان راجندر کے علاوہ کئی دوسرے افراد پتھر لگنے سے زخمی ہوئے تھے۔ ایڈیشنل پولس ڈائرکٹر جنرل (لا اینڈ آرڈر) آنند کمار نے بلند شہر واقعہ کی ایس آئی ٹی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ معاملے کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے غازی آباد اور نوئیڈا سے اضافی پولس فورس بھیجی گئی ہے۔

ضلع مجسٹریٹ انوج کمار، ایس ایس پی کے بی سنگھ اور میرٹھ ہیڈ کوارٹر سے ایڈیشنل پولس ڈائرکٹر جنرل پرشانت کمار، آئی جی رام کمار اور کمشنر انیتا مشرا موقع پر کیمپ کئے ہوئے ہیں۔ اے ڈی جی پرشانت کمار نے دعوی کیا کہ صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Dec 2018, 2:09 PM