بلند شہر: سدیکشا معاملہ میں نیا انکشاف، شک کے گھیرے میں اہل خانہ!

بلند شہر کے ایس ایس پی سنتوش کمار نے سدیکشا کے ساتھ ہوئی چھیڑ خانی کے دعوے پر سوال اٹھائے ہیں اور کہا کہ تاحال چھیڑخانی کا کوئی ثبوت نہیں ہے

سدیکشا بھاٹی کی فائل تصویر (سوشل میڈیا)
سدیکشا بھاٹی کی فائل تصویر (سوشل میڈیا)
user

عمران

بلند شہر: سدیکشا بھاٹی کی موت کا معاملہ اب الجھتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ پولیس نے اہل خانہ کے بیانات کی بنیاد پر اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ حادثہ کو دانشتہ طور پر طول دیا جا رہا ہے۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بلند شہر کے ایس ایس پی سنتوش کمار نے سدیکشا کے ساتھ ہوئی چھیڑ خانی کے دعوے پر سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاحال چھیڑخانی کا کوئی ثبوت نہیں ہے اور سدیکشا کے اہل خانہ نے اس کی معلومات اپنی ابتدائی شکایت میں نہیں دی تھی۔ اہل خانہ کے دعووں پر سوال اٹھاتے ہوئے ایس ایس پی سنتوش کمار نے کہا کہ بیان کے مطابق حادثہ کے وقت سدیکشا کا چچا زاد بھائی بائیک چلا رہا تھا جو کہ نابالغ ہے!

پولیس کے مطابق سدیکشا کے ماموں نے جو تحریر دی ہے اس میں چھیڑخانی کا کوئی ذکر نہیں ہے۔ اس کے بعد اگلے دن صبح چچا نے کہا کہ بائیک میں چلا رہا تھا لیکن چچا کے موبائل کی لوکیشن اس وقت دادری تھی۔ پولیس نے بتایا کہ چچا واقعہ کے دو گھنٹے کے بعد وہاں پہنچے، ان کا پورا روٹ چارٹ بھی پولیس کے پاس موجود ہے۔ تیسری تحریر سدیکشا کے والد کی طرف سے دی گئی ہے اور اس میں چھیڑ خانی کا کوئی تذکرہ نہیں ہے۔ اس کے علاوہ اس واقعہ کا ایک چشمدید بھی ملا ہے، جس نے کہا ہے کہ آگے ٹینکر تھا پیچھے بلٹ اور اس کے پیچھے سدیکشا کی بائیک تھی۔ اچانک بریک لگنے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔


افسران نے پولیس کا موقف پیش کرتے ہوئے کہا ’’پولیس ہی سدیکشا کو اسپتال لے کر گئی تھی اور یہ الزام سراسر غلط ہے کہ ہم نے چھیڑ خانی کا مقدمہ درج نہیں کر رہے ہیں۔ ہماری ایس آئی ٹی معاملہ کی جانچ کر رہی ہے اور جلد ہی سب کچھ واضح ہو جائے گا۔‘‘

پولیس کا کہنا ہے کہ سدیکشا ایک بہت بڑی اسکالرشپ کے ذریعے امریکہ میں تعلیم حاصل کر رہی تھی اور لوگوں کی نگاہیں اس کے بیمہ کی رقم پر تھی۔ سنتوش کمار کے مطابق اہل خانہ کی طرف سے چھیڑ خانی کا دعوی بیمہ کی رقم کے لالچ میں ہی کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اہل خانہ کے بار بار بیان تبدیل کرنے کے سوال پر کہا کہ جو لڑکا بائیک چلا رہا تھا وہ نابالغ ہے، اس نے حال ہی میں ہائی اسکول کا امتحان دیا ہے۔


خیال رہے کہ سدیکشا بھاٹی امریکہ کی ایک مایہ ناز یونیورسٹی میں پونے چار کروڑ کی اسکالرشپ پر تعلیم حاصل کر رہی تھی۔ لاک ڈاؤن کے سبب وہ اپنے اہل خانہ کے پاس بلند شہر آئی ہوئی تھی۔ بلندشہر کے اورنگ آباد تھانہ علاقہ میں ایک دن قبل ایک سڑک حادثہ میں اس کی موت ہو گئی تھی۔ سدیکشا کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ جب وہ اپنے ماموں کے گھر جا رہی تھی تو کچھ نامعلوم لوگوں نے اس سے چھیڑخانی کی کوشش کی اور اس کا تعاقب کیا، جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔