بلند شہر تشدد کے ملزمین کا شاندار استقبال کیا جانا شرمناک: سماجوادی پارٹی

سماجوادی پارٹی نے ضمانت پر جیل سے رِہا ہونے والے بلند شہر تشدد کے ملزمین کا استقبال کیے جانے پر یوگی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکمراں جماعت ملزموں کو شہہ دے رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

لکھنؤ: اترپردیش کے ضلع بلند شہر میں گذشتہ دنوں پیش آئے تشدد کے ملزموں کی جیل سے رہائی کے موقع پر شاندار استقبال کی سماج وادی پارٹی نے سخت تنقید کرتے ہوئے حکمراں جماعت پر پولس سب انسپکٹر کے قتل کے ملزموں کو سراہنے اور انہیں شہہ دینے کا الزام لگایا ہے۔ سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے پیر کو میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ بذات خود یو پی کے موجودہ حالات اور ریاست کے نظم و نسق کو اجاگر کرتا ہے ۔جب ملزمین کو ہار پہنائے جائیں گے توکس طرح سے عوام کے اندر نظم ونسق کے تئیں اعتماد پیدا ہوگا۔

اس سے قبل ریاست کے نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ نے کہا کہ بی جے پی کا بلند شہر واقعہ کے چھ ملزموں کے شاندار استقبال سے کسی بھی طرح کے تعلق سے انکار کرتے ہوئے اپوزیشن کو معاملے کو دوسرا رخ نہ دینے کا مشورہ دیا تھا۔ ضمانت ملنے کے بعد بلند شہر تشدد کے کلیدی ملزمین شکھراگروال جو کہ بی جے پی یوتھ ونگ کا رکن ہے، جیتو فوجی کا رہا کردیا گیاتھا۔اس موقع پر اتوار کو ان ملزموں کے اہل خانہ اور حامیوں نے جیل کے باہر ’جے شری رام،بھارت ماتا کی جئے،وندے ماترم‘ کا فلک بوس نعرہ لگاتے ہوئے ان کا شاندار استقبال کیا تھا۔


اس ضمن میں موریہ نے میڈیا نمائندوں سے کہا کہ اگر کچھ ملزموں کے حامی ان کے جیل سے رہائی پر جشن مناتے ہیں تو اس کا بی جے پی یا حکومت سے کیا تعلق ہوسکتا ہے۔اپوزیشن کو تل کا تاڑ نہیں بنانا چاہئے۔ رہائی کے بعد جیل کے باہر ملزمین کے شاندار استقبال کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی جس کی کافی تنقید کی گئی۔ وائرل ویڈیو میں شکھر اگروال اور جیتو فوجی کا ان کے حامیوں کے ذریعہ شاندار استقبا ل کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔اس دوران متعدد افراد نے ان کے ساتھ سیلفیاں بھی کھینچیں

قابل ذکر ہے کہ 03 دسمبر کو ضلع بلند شہر میں مویشیوں کے باقیات ملنے کی خبر پر پھوٹ پڑے تشدد میں مشتعل عوام نے پولیس انسپکٹر سبودھ کمار کا قتل کردیا تھا۔اس ضمن میں تقریبا30 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔