باگیشور دھام کے سربراہ دھیریندر شاستری کے بھائی شالیگرام گرگ کی ’چٹ گرفتاری، پٹ ضمانت‘

دھیریندر شاستری کے بھائی شالیگرام نے ایک شادی تقریب میں بندوق لہراتے ہوئے گالی گلوچ کر لوگوں کے ساتھ مار پیٹ کی تھی، واقعہ کی ویڈیو وائرل ہونے پر کافی ہنگامہ ہوا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>باگیشور دھام کے سربراہ دھیریندر شاستری</p></div>

باگیشور دھام کے سربراہ دھیریندر شاستری

user

قومی آوازبیورو

باگیشور دھام کے سربراہ دھیریندر کرشن شاستری کا بھائی شالیگرام گرگ ایک بار پھر سرخیوں میں ہے۔ دراصل گزشتہ دنوں چھترپور میں ایک دلت کنبہ کی شادی تقریب میں گھس کر پستول لہرا کر فائرنگ کرنے اور مار پیٹ کرنے کے معاملے میں آج اسے پولیس نے گرفتار کر لیا۔ حالانکہ گرفتاری کے فوراً بعد ہی اسے چھترپور کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں سے اسے 25 ہزار کے مچلکے پر ضمانت مل گئی۔

اس سے قبل مدھیہ پردیش پولیس نے گرفتاری کی جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ باگیشور دھام کے دھیریندر شاستری کے بھائی شالیگرام گرگ کے ساتھ ایک دیگر ساتھی راجہ رام تیواری کو چھترپور ضلع کے گڑھا گاؤں میں 11 فروری کو شادی تقریب کے دوران ’قابل اعتراض زبان کا استعمال کرنے، بندوق لہرانے اور شکایت دہندہ کو دھمکی دینے‘ کے الزام میں آج گرفتار کیا گیا۔


واقعہ چھترپور ضلع کے گڑھا گاؤں میں 11 فروری کو اہیروار سماج کی ایک لڑکی کی شادی کا ہے۔ دھیریندر شاستری کے بھائی شالیگرام نے شادی تقریب میں بندوق لہراتے ہوئے گالی گلوچ کر لوگوں کے ساتھ مار پیٹ کی تھی۔ واقعہ کی ویڈیو وائرل ہونے پر کافی ہنگامہ ہوا تھا۔ اسی واقعہ کی وائرل کچھ ویڈیوز میں وہ شادی کے اسٹیج پر چڑھ کر فائرنگ کرتے بھی نظر آ رہے ہیں۔ معاملہ کے طول پکڑنے کے بعد چھتر پور پولیس نے 21 فروری کو دھیریندر شاستری کے بھائی شالیگرام کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 294، 323، 506، 427 اور ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی تھی۔

اس معاملے کے طول پکڑنے پر دھیریندر شاستری نے اس معاملے سے خود کو کنارہ کر لیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ جو کرے گا، سو بھرے گا۔ ہر معاملے کو ہم سے نہ جوڑا جائے۔ دھیریندر شاستری نے بھی صفائی دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعہ شالیگرام جی کا ایک معاملہ ہمارے سامنے آیا ہے۔ قانون غیر جانبداری اور شفافیت کے ساتھ اس کی جانچ کرے۔ ہم غلط کے ساتھ نہیں ہیں اور ہر معاملے کو ہم سے نہیں جوڑا جانا چاہیے۔ دھیریندر شاستری نے مزید کہا تھا کہ اس ملک میں آئین ہے، جو کرے گا سو بھرے گا۔ ہم سچ کے ساتھ ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔