جنہوں نے گنگا کو دھوکہ دیا، بہار اب انہیں موقع نہیں دے گا، کانگریس کا این ڈی اے حکومت پر حملہ
کانگریس ایم پی منوج کمار نے وزیر اعظم پر گنگا کی صفائی اور بند شوگر ملوں کو چالو کرنے کے وعدے توڑنے کا الزام لگایا اور کہا- ’بہار میں بی جے پی-جے ڈی یو نے صرف جھوٹے خواب دکھائے‘

کانگریس کے ایم پی منوج کمار / ویڈیو گریب
نئی دہلی: سہسرام سے رکن پارلیمان منوج کمار نے جمعہ کے روز پریس بریفنگ کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے ماں گنگا کو دھوکہ دیا، بہار کے عوام انہیں اب دوبارہ موقع نہیں دیں گے۔
منوج کمار نے الزام لگایا کہ بی جے پی اور جے ڈی یو کی حکومت نے بہار میں گنگا کی صفائی کے لیے کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا۔ انہوں نے کہا، ’’نریندر مودی اور نتیش کمار نہ تو سیلاب پر قابو پانے کے لیے کچھ کر سکے اور نہ ہی گنگا کو پاک صاف بنانے میں سنجیدہ دکھائی دیے۔‘‘
کانگریس لیڈر نے دعویٰ کیا کہ نیشنل گرین ٹریبیونل (این جی ٹی) نے بہار حکومت پر ماحولیاتی ناکامیوں کی بنیاد پر پچاس ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہر الیکشن میں بہار آ کر جھوٹے وعدے کرتے ہیں، جھوٹے اعلانات کرتے ہیں اور عوام کو صرف گمراہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بار ہم بہار کے عوام کے سامنے ایک سنسنی خیز انکشاف کر رہے ہیں۔
کانگریس ایم پی نے کہا کہ بہار میں آج بھی جرائم کی شرح خطرناک حد تک بلند ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاست میں روزانہ 953 جرائم رپورٹ ہوتے ہیں، نوجوانوں کو روزگار کے بجائے پیپر لیک اور فرضی بھرتیوں کے دھوکے مل رہے ہیں اور لاکھوں خاندان شدید غربت کا شکار ہیں۔ ان کے مطابق ریاست میں 94.42 لاکھ خاندانوں کی یومیہ آمدنی 200 روپے سے کم ہے، جبکہ 5 کروڑ افراد 40 روپے روزانہ پر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے ’نمامے گنگے اسکیم‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اور جے ڈی یو نے گنگا کے پانی کو صاف کرنے کا وعدہ کیا تھا، مگر آج نہ صرف گنگا بلکہ اس کی معاون ندیوں کا پانی بھی نہانے کے لائق نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ این جی ٹی کی رپورٹ کے مطابق بہار میں قائم 13 سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس (ایس ٹی پی) میں سے صرف 7 کام کر رہے ہیں اور باقی یا تو مکمل ناکام ہیں یا معیار پر پورے نہیں اترتے۔
منوج کمار نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ جس گنگا کو ہندو مذہب میں مقدس سمجھا جاتا ہے، اس کا پانی اب نہ پینے کے قابل رہا ہے نہ نہانے کے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے عقیدے پر حملہ ہے اور اس کی ذمہ داری براہ راست حکومت پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ وزیراعظم نے پچھلے انتخابات میں موتیہاری کی ایک بند شوگر مل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اسے دوبارہ چالو کریں گے اور اس کی چینی سے چائے پییں گے لیکن اب تک کچھ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم کی ریلیوں پر کروڑوں روپے خرچ کرنے کے بجائے یہی رقم بند ملوں اور فیکٹریوں کو دوبارہ کھولنے پر لگا دی جائے، تو بہار کے لاکھوں نوجوانوں کو روزگار مل سکتا ہے۔
منوج کمار نے کہا کہ بی جے پی اور جے ڈی یو کی حکومت نے نہ صرف گنگا کو آلودہ کیا بلکہ عوام سے کیے گئے ہر وعدے کو بھی نظرانداز کیا۔ اب بہار کے عوام انہیں سبق سکھانے کو تیار ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔