ڈرگس کنکشن: اداکارہ رَکل پریت سے 4 گھنٹے چلی پوچھ تاچھ، ریا چکرورتی سے واٹس ایپ چیٹنگ کا اعتراف

جمعہ کی صبح صبح تقریباً ساڑھے دس بجے رکل پریت کولابا واقع این سی بی گیسٹ ہاؤس پہنچیں۔ یہاں ان سے کئی طرح کے سوالات این سی بی افسران نے کیے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

سوشانت سنگھ کی موت معاملہ میں جانچ پر کوئی پیش رفت تو دکھائی نہیں دے رہی ہے، لیکن بالی ووڈ میں ڈرگس کنکشن کی جانچ کو لے کر سرگرمیاں کچھ زیادہ ہی تیز ہیں۔ اس سلسلے میں آج این سی بی کی ٹیم نے بالی ووڈ کی معروف اداکارہ رَکل پریت سنگھ سے تقریباً 4 گھنٹے تک پوچھ تاچھ کی۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق رکل پریت نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ انھوں نے سال 2018 میں ڈرگس کو لے کر ریا چکرورتی سے واٹس ایپ چیٹنگ کی تھی، لیکن ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ڈرگس کا استعمال کبھی نہیں کیا۔

آج صبح تقریباً ساڑھے دس بجے رکل پریت کولابا واقع این سی بی گیسٹ ہاؤس پہنچیں۔ یہاں ان سے کئی طرح کے سوالات این سی بی افسران نے کیے۔ ایک افسر کا کہنا ہے کہ سوشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی سے پوچھ تاچھ کے دوران رکل پریت کا نام سامنے آیا تھا اس لیے انھیں طلب کیا گیا اور کچھ اہم سوالات پوچھے گئے۔


اس سے قبل رکل پریت کو جمعرات کے روز ہی بیان درج کرانے کے لیے کہا گیا تھا، لیکن ان کی ٹیم نے دعویٰ کیا تھا کہ انھیں این سی بی کی جانب سے سمن نہیں ملا ہے۔ جمعرات کو جب این سی بی افسر رکل پریت کے پاس گئے تو کہا گیا کہ سمن مل گیا ہے۔ پھر این سی بی افسران وہاں سے لوٹ گئے تھے۔

واضح رہے کہ رکل پریت کے علاوہ این سی بی نے اداکارہ دیپکا پادوکون کی منیجر کرشما پرکاش اور دھرما پروڈکشن سے تعلق رکھنے والے چھتج روی کو بھی جمعہ کو پوچھ تاچھ کے لیے مدعو کیا ہے۔ ایک افسر کا کہنا ہے کہ این سی بی کی ٹیم نے جمعرات کو مغربی علاقہ ورسووا میں روی کے گھر پر چھاپہ ماری کی تھی۔ حالانکہ اس سلسلے میں فی الحال کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔