توہین رسالت تنازعہ: پریاگ راج تشدد کا ’ماسٹر مائنڈ‘ حراست میں، 29 دفعات کے تحت معاملہ درج

پریاگ راج ایس ایس پی اجئے کمار کے مطابق تشدد میں 70 نامزد اور 5000 سے زائد نامعلوم لوگوں کے خلاف شکایت ہے اور ان کے خلاف گینگسٹر ایکٹ اور این ایس اے کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

پریاگ راج میں سیکورٹی اہلکار، تصویر یو این آئی
پریاگ راج میں سیکورٹی اہلکار، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش میں 10 جون یعنی جمعہ کو بعد نمازِ جمعہ احتجاجی مظاہرہ کرنے والے ان لوگوں کے خلاف ریاستی انتظامیہ سخت کارروائی کر رہی ہے جنھوں نے تشدد جیسے حالات پیدا کر دیئے۔ پریاگ راج (الٰہ آباد) میں بھی احتجاجی مظاہرہ کے دوران تشدد ہوا تھا جس کے خلاف پولیس سرگرم دکھائی دے رہی ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق پریاگ راج میں تشدد کے ’ماسٹر مائنڈ‘ جاوید احمد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس کے خلاف 29 اہم دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) سے جڑے کچھ لوگوں کے نام سامنے آئے ہیں جن پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ پولیس کا الزام ہے کہ غیر سماجی عناصر نے پولیس اور انتظامیہ پر پتھراؤ کرنے کے لیے نابالغ بچوں کا استعمال کیا۔ پریاگ راج ایس ایس پی اجئے کمار کے مطابق تشدد میں 70 نامزد اور 5000 سے زائد نامعلوم لوگوں کے خلاف شکایت ہے اور ان کے خلاف گینگسٹر ایکٹ اور این ایس اے کے تحت کارروائی کی جائے گی۔


واضح رہے کہ جمعہ کی نماز کے بعد اتر پردیش کے کئی حصوں میں نعرے بازی اور پتھراؤ سمیت تشدد کے کئی واقعات سامنے آئے۔ لوگوں نے معطل بی جے پی ترجمان نوپور شرما اور پارٹی سے نکالے گئے لیڈر نوین کمار جندل کے اشتعال انگیز بیانات کی مخالفت کرنی شروع کر دی۔ اس درمیان پریاگ راج ضلع مجسٹریٹ سنجے کمار کھتری نے بتایا کہ تشدد سے متعلق ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور اب تک 68 لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ایس ایس پی اجئے کمار نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ شر پسند عناصر کی شناخت ویڈیو کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔ یہ بھی پتہ لگایا جا رہا ہے کہ باہر سے کون کون لوگ شہر میں آئے تھے۔ ان سبھی لوگوں پر گینگسٹر اور این ایس اے ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔