’بی جے پی کا فنڈا ہے– تم بھی کھاؤ، مجھے بھی کھلاؤ‘، اتراکھنڈ شجرکاری گھوٹالہ پر کانگریس کا سخت رد عمل
کانگریس نے اتراکھنڈ کی بی جے پی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں جاری اس کھیل سے صاف ہو گیا ہے کہ بی جے پی حکومت میں خوب بدعنوانی کی جا رہی ہے۔
’’بی جے پی حکومت کی بدعنوانی سے پیڑ پودے بھی محفوظ نہیں ہیں۔ اب اتراکھنڈ میں ایک بڑا گھوٹالہ سامنے آیا ہے۔ جہاں محکمہ جنگلات نے 10 روپے کا پودا 100 روپے میں خریدا۔ دراصل اتراکھنڈ کے جھاجھرا پروجیکٹ میں 18333 پودوں کے لیے 100 روپے فی پودا کی شرح سے 18 لاکھ 33 ہزار کا خرچ دکھایا گیا ہے، جبکہ کالسی پروجیکٹ میں یہی پودے 10 روپے فی پودا کی شرح سے لگائے گئے ہیں۔ یعنی ایک ہی کام، ایک ہی محکمہ، لیکن خرچ 10 گنا۔‘‘ یہ جملے کانگریس نے ایک ویڈیو گرافکس میں استعمال کیے ہیں، اور اتراکھنڈ کی بی جے پی حکومت کو شجرکاری کے نام پر ایک بڑے گھوٹالہ کے لیے ہدف تنقید بنایا ہے۔
کانگریس نے یہ ویڈیو اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر ڈالا ہے اور بی جے پی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ اس کے ایجنڈے میں ہی بدعنوانی شامل ہے۔ ویڈیو کے آخر میں کہا گیا ہے کہ ’’سڑک ہو، بجلی پانی ہو یا پیڑ پودے، بی جے پی حکومت میں ہر محکمہ میں جم کر بدعنوانی ہو رہی ہے۔ ان کا ایجنڈا صاف ہے– جم کر کھاؤ، ہمیں بھی کھلاؤ۔‘‘
دراصل ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ نے ایک خبر شائع کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اتراکھنڈ حکومت نے ایک شجرکاری منصوبہ کے تحت فی پودا 100 روپے کی ادائیگی کی ہے، جبکہ ایک پودے کی قیمت محض 10 روپے ہے۔ اس خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے مزید ایک پوسٹ ’ایکس‘ پر ڈالی ہے، جس میں لکھا ہے کہ ’’ڈبل انجن سرکار، جم کر بھرشٹاچار۔‘‘ یعنی ڈبل انجن والی حکومت میں خوب بدعنوانی ہو رہی ہے۔
اس پوسٹ میں کانگریس نے بی جے پی کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’بی جے پی اور نریندر مودی کا صاف فنڈا ہے– تم بھی کھاؤ، مجھے بھی کھلاؤ۔‘‘ شجرکاری گھوٹالہ کے بارے میں تذکرہ کرتے پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’بی جے پی حکمراں اتراکھنڈ میں محکمہ جنگلات کا سیاہ کارنامہ سامنے آیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق محکمہ جنگلات نے شجرکاری کے نام پر بڑا کھیل کیا ہے۔ جس پودے کی قیمت 10 روپے تھی، اسی پودے کو 100 روپے میں خریدا گیا۔ محکمہ جنگلات نے 18333 پودے 100 روپے کے حساب سے خریدے، جس کا مجموعی خرچ 18.33 لاکھ روپے آیا، جبکہ یہ پودے صرف 1.83 لاکھ روپے میں خریدے جا سکتے تھے۔‘‘ ساتھ ہی یہ بھی لکھا ہے کہ ’’ریاست میں جاری اس کھیل سے صاف ہے کہ بی جے پی حکومت میں جم کر بدعنوانی کی جا رہی ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔