دہلی والوں کو آبی جماؤ کی پریشانی سے نجات دلانے میں بی جے پی کی 4 انجن والی حکومت مکمل طور سے ناکام: دیویندر یادو
دیویندر یادو نے کہا کہ ’’جب کانگریس کی حکومت تھی تو دہلی والوں کو آبی جماؤ جیسے مسائل کا سامنا کبھی نہیں کرنا پڑا تھا۔ حکومت ہر سال مئی ماہ کے وسط تک نالیوں سے گاد نکالنے کا کام پورا کر دیتی تھی۔‘‘

دیویندر یادو / تصویر آئی این سی
نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ آبی جماؤ کا مسئلہ دہلی کے لیے ایک سنگین مسئلہ بن گیا ہے۔ مانسون سے قبل کی بارش سے ہی پوری دہلی ڈوب گئی ہے۔ دہلی میں آبی جماؤ کی یہ صورتحال ریکھا گپتا حکومت کے تمام دعووں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔ آبی جماؤ سے نمٹنے کی ناقص تیاریوں کا سچ سڑکوں پر بہہ رہا ہے۔ بی جے پی حکومت کی بے عملی اور کھوکھلے دعووں کی وجہ سے دہلی میں آبی جماؤ کی وجہ سے ایمرجنسی کی سی صورتحال ہو گئی ہے۔ نالیوں سے گاد نکالنے کی 31 مئی تک کی ڈیڈ لائن پر بی جے پی کی 4 انجن والی حکومت پوری طرح ناکام ثابت ہو گئی ہے۔
دیویندر یادو نے کہا کہ ایئرپورٹ روڈ، منٹو برج، دھولا کنواں، آئی ٹی او، کناٹ پلیس، روہتک روڈ، دہلی کینٹ، تیمارپور، چانکیہ پوری، سبرتو پارک، صفدر جنگ، نانک پورہ، بیرونی دہلی، جنوبی دہلی، شمال مشرقی اور شمال مغربی دہلی میں آبی جماؤ سے لوگ کافی پریشان ہیں۔ رات کی بارش کے بعد صبح تک سڑکوں پر موجود پانی کی نکاسی نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے پوری دہلی میں گھنٹوں شدید ٹریفک جام رہا اور گاڑیاں پانی میں ڈوبی رہیں۔ گاد نکالنے کے کام میں ناکام حکومت خود ذمہ داری لینے کے بجائے اسسٹنٹ انجینئر، جونیئر انجینئر اور پمپ آپریٹر کو معطل کر کے دہلی کے عوام کو کیا پیغام دینا چاہتی ہے؟
دیویندر یادو کے مطابق مانسون سے قبل کی بارش سے دہلی کو گرمی سے تو ضرور راحت ملی لیکن لاپرواہ حکومت کی وجہ دیگر پریشانیوں میں مبتلا عوام کو آبی جماؤ سے راحت نہ مل سکی۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ دہلی کی پریشانیوں کو ختم کرنے کے بجائے بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کی نورا کُشتی ہر بحران کے وقت دیکھنے کو ضرور ملتی ہے۔ آج اپوزیشن میں عام آدمی پارٹی ہے جس نے ایک دہائی اقتدار میں رہنے کے باوجود آبی جماؤ کی پریشانی کو کبھی ختم کرنے کی کوشش تک نہیں کی۔ عآپ کے وقت بی جے پی نے اپوزیشن میں رہتے ہوئے وہی کیا جو آج عام آدمی پارٹی لوگوں کو گمراہ کرنے کے لیے کر رہی ہے۔
دیویندر یادو نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی حکومت ہو یا بی جے پی کی دونوں نے اپنے سیاسی مفادات کی تکمیل کے لیے دہلی کے لوگوں کو ’رام بھروسے چھوڑ دیا‘ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارچ میں وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا تھا کہ 2025 میں آپ کچھ بدلا ہوا دیکھیں گے لیکن پی ڈبلیو ڈی اور دہلی پولیس کی مشترکہ اعداد و شمار کے مطابق 445 آبی جماؤ والی جگہوں کی پہچان ہوئی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا تھا کہ سب کچھ ٹھیک کرنے پر کام چل رہا ہے اور اس کو 31 مئی تک پورا کر لیا جائے گا۔
کانگریس دہلی صدر نے کہا کہ عام آدمی پارٹی اور بی جے پی حکومت کے دوران دہلی کو شدید آبی جماؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لیکن دہلی میں جب کانگریس کی حکومت تھی تو کبھی بھی دہلی والوں کو آبی جماؤ جیسے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑا تھا۔ کیونکہ شیلا دیکشت حکومت ہر سال مئی ماہ کے وسط تک نالیوں سے گاد نکالنے کا کام پورا کر کے دہلی کو آبی جماؤ کی پریشانی سے مکمل طور پر راحت دے دیتی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔