بی جے پی غریبی نہیں غریبوں کو ختم کرنا چاہتی ہے، کانگریس جھگی والوں کے لیے ہر سطح پر لڑے گی: دیویندر یادو
دیویندر یادو نے کہا کہ ’’2011 میں جب دہلی میں انہدامی کارروائی چل رہی تھی تو اس وقت کی کانگریس حکومت نے فوری طور پر دہلی میں آرڈیننس لاکر لاکھوں لوگوں کو بے گھر ہونے سے بچایا تھا۔‘‘

نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو
نئی دہلی: دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے پیر کو پارٹی لیڈران کے ساتھ کالکاجی حلقہ اسمبلی کے گووندپوری میں بلڈوزر کارروائی کے بعد بے گھر ہوئے لوگوں سے ملاقات کی۔ دراصل ڈی ڈی اے نے مبینہ طور پر 350 سے زائد ناجائز مکانوں کو منہدم کر دیا ہے۔ انہوں نے اس کارروائی میں بے گھر ہوئے لوگوں کو یقین دلایا کہ کانگریس ان کی ہر ممکن مدد کرے گی، اگر ان کے حقوق کے لیے حکومت سے بھی لڑنا پڑے تو پیچھے نہیں ہٹے گی۔ دیویندر یادو کے مطابق بدعنوانی کی وجہ سے 40-30 سالوں سے جھگیوں میں رہ رہے لوگوں کو مکان نہیں ملے اور اب انہیں بھی اجاڑا جا رہا ہے۔ بدعنوانی کی وجہ سے ہی ان کے ناموں کو چھوڑ دیا گیا تھا، دوبارہ سروے کرا کر ان کے ناموں کو شامل کیا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کے حکم پر حکومت کی لاپرواہی اور بدعنوانی کی وجہ سے 1984 اور 1995 سے جھگیوں میں رہنے والوں کو مکان نہیں مل پایا ہے۔

بلڈوزر کارروائی کے بعد بے گھر ہوئے لوگوں سے ملنے والوں میں دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو کے ساتھ سابق ریاستی صدر سبھاش چوپڑا، سابق رکن اسمبلی شیش پال، ضلع صدر ہرش چودھری، کارپوریشن میں سابق لیڈر آف ہاؤس جتیندر کمار کوچر، سینئر لیڈر ڈاکٹر پی کے مشرا، دہلی پردیش خاتون صدر پشپا سنگھ، خواتین ضلع صدر کانتا شرما، گروت سنگھی، جے پرکاش، سریندر گولڈی اور دھرم پال ٹھکر سمیت علاقائی لیڈر بھی موجود تھے۔

کانگریس دہلی صدر نے کہا کہ بی جے پی غریبوں کے خلاف دوہری پالیسی اپنا رہی ہے۔ ایک طرف وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا بیان دیتی ہیں کہ دہلی میں کسی بھی جھگی کو بغیر کسی متبادل انتظام کے نہیں اجاڑے گی اور دوسری جانب حکومت کے ہی افسران عدالت کے حکم کا حوالہ دے کر راتوں رات غریبوں کے گھروں کو اجاڑ رہے ہیں۔ بی جے پی غریبی نہیں غریبوں کو ختم کرنا چاہتی ہے۔ 2020 کے اسمبلی انتخاب سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس کے ذریعہ شروع کی گئی ’جہاں جھگی وہیں مکان‘ اسکیم کے تحت یہاں بنائے مکانات کی چابیاں دے کر کہا تھا کہ کسی کو اجاڑا نہیں جائے گا۔

دیویندر یادو نے بتایا کہ 2011 میں جب دہلی میں انہدامی کارروائی چل رہی تھی تو اس وقت کی کانگریس حکومت نے فوری طور پر دہلی میں آرڈیننس لاکر لاکھوں لوگوں کو بے گھر ہونے سے بچایا تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے بی جے پی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کانگریس کے ذریعہ 2011 میں لائے گئے آرڈیننس کی طرز پر فوراً ایک آرڈیننس لائے، تاکہ دہلی میں اجاڑے جا رہے لاکھوں جھگی والوں کو راحت مل سکے۔ حکومت کی انہدامی کارروائی کی وجہ سے دہلی کے جھگی والوں میں افراتفری کا ماحول ہے اور وہ بہت زیادہ ڈرے ہوئے ہیں۔

دیویندر یادو نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جتنے بھی مکان منہدم کیے گئے ہیں، ان کے مکینوں کو ایسی جگہ پر رکھا جانا چاہیے کہ ان کی روزی روٹی کی حفاظت ہو سکے۔ دوبارہ سروے کرایا جانا چاہیے اور 2015 کی کَٹ آف تاریخ کو بڑھا کر 2027 تک کر کے موجودہ پالیسی میں اس طرح تبدیلی کی جائے کہ ان جھگی والوں کو بھی مکان مل سکے جو چھوٹ گئے تھے۔ جس طرح سے سبھاش چوپڑ نے رکن اسمبلی رہتے ہوئے جھگیوں کو منہدم کرنے سے قبل ان کے مکینوں کو ٹرانزٹ کیمپ میں رکھا تھا اور اس کے بعد انہیں مکان دے دیا گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔