بی جے پی شردپوار کو ختم کرنا چاہتی ہے، میرے خلاف بھابھی سنیترا کو اتارنا اس کی چال، وہ میری ماں جیسی ہیں: سپریا سولے

30 مارچ کو این سی پی اجیت پوارگروپ نے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی بیوی سنیترا کو بارامتی سے اپنا امیدوار قرار دیا تھا۔ اسی سیٹ سے این سی پی شرد پوار دھڑے نے شرد پوار کی بیٹی سپریا سولے کو ٹکٹ دیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>سپریا سولے اور اجیت پوار، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

سپریا سولے اور اجیت پوار، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر میں لوک سبھا انتخابات کے لیے بی جے پی کی اتحادی این سی پی نے بارامتی حلقۂ پارلیمنٹ سے اجیت پوار کی اہلیہ سنیترا پوار کے نام کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ مہاوکاس اگھاڑی کی جانب سے اسی سیٹ سے شردپوار کی صاحبزادی سپریا سولے میدان میں ہیں۔ سنیترا پوار سپریاسولے کی بھابھی ہیں۔ مہایوتی کی جانب سے اپنی بھابھی کو امیدوار بنائے جانے کو سپریا سولے نے بی جے پی کی شردپوار کو ختم کرنے کی سازش بتایا ہے۔

این سی پی شردپوار گروپ کی رکن پارلیمنٹ سپریا سولے نے کہا ہے کہ بی جے پی دراصل اس کے ذریعے شردپوار کو سیاسی طور پر ختم کرنا چاہتی ہے۔ بارامتی لوک سبھا سیٹ سے میرے خلاف میری بھابھی سنیترا پوار کو کھڑا کرنا بی جے پی کی چال ہے۔ سپریا سولے نے کہا کہ سنیترا میرے بڑے بھائی (اجیت پوار) کی بیوی ہیں اور بڑی بھابھی کو ماں کی طرح سمجھا جاتا ہے۔ پوار خاندان کے اندر کی لڑائی سے بھابھی سنیترا کے لیے میری عزت کم نہیں ہوگی۔ وہ ہمیشہ میرے لیے ماں کی طرح ہی رہیں گی۔


واضح رہے کہ 30 مارچ کو این سی پی اجیت پوارگروپ نے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی بیوی سنیترا پوار کو بارامتی سے اپنا امیدوار قرار دیا تھا۔ اسی سیٹ سے این سی پی شرد پوار دھڑے نے شرد پوار کی بیٹی سپریا سولے کو ٹکٹ دیا ہے۔ سپریا سولے اسی بارامتی سیٹ سے تین بار کی ممبر آف پارلیمنٹ ہیں۔ انہوں نے پہلی بار 2009 میں یہاں سے الیکشن جیتا تھا۔ پھر 2014 اور 2019 میں یہاں سے کامیابی حاصل کی۔ اجیت پوار شرد پوار کے بھتیجے ہیں، اس لحاظ سے وہ سپریا کے بھائی ہوتے ہیں اور ان کی اہلیہ سنیترا پوار سپریا سولے کی بھابھی۔

بارامتی 1960 کی دہائی سے پوار خاندان کا گڑھ رہا ہے۔ شرد پوار نے 1967 میں پہلی بار بارامتی سے اسمبلی الیکشن جیتا تھا۔ انہوں نے یہاں سے 1972، 1978، 1980، 1985 اور 1990 میں مسلسل اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔ اجیت پوار 1991 سے اب تک یہاں کے ایم ایل اے ہیں۔ شرد پوار1991، 1996، 1998 اور 2004 میں بارامتی کے ایم پی تھے۔ انہوں نے یہ سیٹ 2009 میں اپنی بیٹی سپریا کو سونپی تھی۔ پونے ضلع کے بارامتی لوک سبھا حلقے میں بارامتی، اندا پور، دونڈ، پورندر، بھور اور کھڑک واسلا اسمبلی حلقے شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔