یوپی: خواتین کی کانگریس سے بڑھتی قربت سے بی جے پی پریشان، اب پی ایم مودی کریں گے خواتین کے لیے خصوصی پروگرام

وزیر اعظم نریندر مودی 21 دسمبر کو پریاگ راج میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ایک خصوصی پروگرام میں شرکت کریں گے۔

پی ایم مودی، تصویر آئی اے این ایس
پی ایم مودی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش میں آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے سبھی پارٹیاں اب اپنا مکمل زور لگا رہی ہیں۔ کانگریس نے خواتین کو مضبوط اور خودکفیل بنانے کے لیے جس طرح محنت کی ہے اور 40 فیصد ٹکٹ خواتین کے لیے مختص کیا ہے، اس کا فائدہ پارٹی کو ملتا نظر آ رہا ہے۔ خواتین کا رجحان کانگریس کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ اس وجہ سے بی جے پی اور دیگر پارٹیاں پریشان ہیں۔ اب بی جے پی نے بھی اتر پردیش کے پریاگ راج میں وزیر اعظم نریندر مودی کا ایک پروگرام 21 دسمبر کو رکھا ہے جو خواتین کے لیے مخصوص ہوگا۔

خبر رساں ایجنسی یو این آئی کے ذریعہ جاری ایک خبر کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی منگل کو پریاگ راج کا دورہ کریں گے اور خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق ایک خصوصی پروگرام میں حصہ لیں گے جس میں دو لاکھ سے زیادہ خواتین کی شرکت متوقع ہے۔ یہ پروگرام خواتین کو نچلی سطح پر ضروری ہنر، مراعات اور وسائل فراہم کرکے انہیں بااختیار بنانے کے وزیر اعظم کے وژن کے مطابق منعقد کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم 1000 کروڑ روپے کی رقم سیلف ہیلپ گروپس کے کھاتوں میں منتقل کریں گے جس سے ان گروپوں کی تقریباً 16 لاکھ خواتین ممبران کو فائدہ پہنچے گا۔ یہ منتقلی ’دین دیال انتودے یوجنا‘ اور’نیشنل رورل لائیولی ہڈ مشن‘ کے تحت کی جا رہی ہے، جس کے مطابق فی امدادی گروپ 1.10 لاکھ روپے کے حساب سے 80,000 گروپوں کو کو کمیونٹی انویسٹمنٹ فنڈ (سی آئی ایف) اور 15 ہزار روپے فی سیلف ہیلپ گروپ کے حساب سے 60 ہزار گروپوں کو آپریشنل فنڈز مل رہے ہیں۔


پروگرام میں وزیر اعظم 20 ہزار ‘کاروباری سکھیوں‘ (بزنس کورسپونڈنٹ سکھی۔ بی سی سکھی) کے کھاتوں میں پہلے ماہ کے لیے 4000 روپے کا وظیفہ بھی منتقل کریں گے۔ بی سی سکھی جب نچلی سطح پر گھر گھر مالیاتی خدمات فراہم کراتی ہیں تو انہیں چھ ماہ کے لیے 4000 روپے کا وظیفہ دیا جاتا ہے تاکہ وہ مستقل طور پر کام کر سکیں اور پھر لین دین کے کمیشن سے انہیں آمدنی شروع ہوجائے۔

پی ایم مودی اس مدت کے دوران ’مکھیا منتری کنیا سمنگل یوجنا‘ کے تحت ایک لاکھ سے زیادہ مستحقین کو 20 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم بھی منتقل کریں گے۔ اس اسکیم کے تحت لڑکیوں کو ان کی زندگی کے مختلف مراحل میں شرائط کے ساتھ نقد رقم کی منتقلی ملتی ہے۔ فی مستفید منتقل ہونے والی کل رقم 15,000 روپے ہے۔ مختلف مراحل میں پیدائش (دو ہزار روپے)، ایک سال کے بعد تمام ویکسی نیشن حاصل کرنا (ایک ہزار روپے)، کلاس I میں داخلہ لینا (دو ہزارروپے)، کلاس VI میں داخلہ (دو ہزار روپے)، کلاس-9 میں اندراج (تین ہزار روپے) دسویں یا بارہویں جماعت پاس کرنے کے بعد کسی بھی ڈگری/ڈپلومہ کورس میں داخلہ لینا (پانچ ہزار روپے) شامل ہے۔


وزیراعظم 202 ’ذیلی غذائی پیداواری اکائیوں‘ کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ ان اکائیوں کی مالی امداد سیلف ہیلپ گروپس کر رہے ہیں اور ان کی تعمیر کے لیے فی یونٹ تقریباً ایک کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ یہ یونٹس ریاست کے 600 بلاکوں کو ’مربوط ترقیات اطفال‘ اسکیم (آئی سی ڈی ایس) کے تحت اضافی غذائیت فراہم کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔