مہاراشٹر بی جے پی کو زبردست جھٹکا، این سی پی نے کانگریس کے ساتھ کیا اتحاد

این سی پی لیڈر پرفل پٹیل نے مہاراشٹر میں این سی پی-کانگریس اتحاد کا اعلان کیا اور کہا کہ 40 سیٹوں پر بات چیت مکمل ہو گئی ہے جب کہ 8 سیٹیں ایسی ہیں جن پر فی الحال اتفاق رائے قائم ہونا باقی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

لوک سبھا انتخابات جیسے جیسے قریب آ رہے ہیں، این ڈی اے کے لیے مشکلیں بڑھتی ہی جا رہی ہیں۔ مہاراشٹر سے اس کے لیے بری خبر یہ آ رہی ہے کہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی یعنی این سی پی نے کانگریس کے ساتھ اتحاد کا اعلان کر دیا ہے۔ سیاسی حلقوں میں اس فیصلہ کو بی جے پی کے لیے پریشان کن قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ ایک طرف شیو سینا لگاتار بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے، اور اب کانگریس-این سی پی اتحاد سے سیکولر ووٹوں کی تقسیم نہ ہونے پر آئندہ لوک سبھا انتخابات میں زیادہ سیٹیں حاصل کرنے کے اس کے ارادے کو زبردست جھٹکا لگا ہے۔

دراصل مہاگٹھ بندھن کو مضبوط بنانے کے لیے کانگریس ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور لگاتار سیکولر ذہن رکھنے والی پارٹیوں کے سربراہان کانگریس صدر راہل گاندھی سے ملاقات بھی کر رہے ہیں۔ اسی کے تحت این سی پی کے کئی لیڈران بھی گزشتہ کچھ مہینوں سے لگاتار راہل گاندھی سے رابطہ میں تھے۔ اب این سی پی لیڈر پرفل پٹیل نے کانگریس کے ساتھ لوک سبھا انتخاب کے لیے مہاراشٹر میں اتحاد کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ پرفل پٹیل نے میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایا کہ ’’این سی پی اور کانگریس نے مہاراشٹر میں ایک ساتھ لوک سبھا انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور ہم 40 پارلیمانی سیٹوں پر مل کر انتخاب لڑیں گے۔ بقیہ 8 سیٹوں پر فیصلہ کیا جانا ہنوز باقی ہے۔‘‘ دراصل مہاراشٹر میں لوک سبھا کی کل 48 سیٹیں ہیں اور پرفل پٹیل کے مطابق 40 سیٹوں پر کس پارٹی کے امیدوار کھڑے ہوں گے، یہ طے ہو چکا ہے لیکن 8 سیٹوں پر تبادلہ خیال کر کے بعد میں فیصلہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق 40 سیٹوں میں سے دونوں ہی پارٹیوں نے برابر یعنی 20-20 سیٹوں پر امیدوار کھڑے کرنے کی بات کہی ہے۔ یہ فیصلہ 4 جنوری کو ہوئی میٹنگ میں لیا گیا جس میں این سی پی سربراہ شرد پوار بھی شریک تھے۔ کچھ میڈیا ذرائع کے مطابق جن آٹھ سیٹوں پر ابھی بات نہیں بن پائی ہے اس میں پونے اور احمد نگر پارلیمانی سیٹ بھی شامل ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ بہت جلد ان سیٹوں پر بھی فیصلہ لے لیا جائے گا۔

قابل ذکر ہے کہ 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی-شیو سینا اتحاد نے 48 پارلیمانی سیٹوں میں سے 40 پر فتحیابی حاصل کی تھی۔ ان میں 22 سیٹوں پر بی جے پی نے اور 18 سیٹوں پر شیو سینا نے قبضہ کیا تھا۔ کانگریس کو محض 2 سیٹوں پر اکتفا کرنا پڑا تھا جب کہ این سی پی کو پانچ سیٹوں پر جیت حاصل ہوئی تھی۔ قابل غور یہ بھی ہے گزشتہ مرتبہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس نے 26 اور این سی پی نے 21 سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کیے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 Jan 2019, 11:09 AM