بی جے پی ہندوستان میں فرقہ واریت کا وائرس پھیلا رہی ہے: سونیا گاندھی

کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں کانگریس صدر سونیا گاندھی نے کورونا وائرس سے جنگ کے خلاف انتظامات پر اپنی فکر ظاہر کی اور حکومت پر سنگین الزامات عائد کیے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں کورونا بحران کے درمیان کانگریس ورکنگ کمیٹی کی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ آج میٹنگ ہوئی۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی کی صدارت میں ہوئی اس میٹنگ میں کورونا سے جڑے کئی ایشوز پر غور و خوض ہوا۔ اس دوران سونیا گاندھی نے پی پی ای کٹ کی خراب کوالٹی اور ملک میں کورونا ٹیسٹنگ کی کم تعداد پر فکر کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ "ملک میں کورونا ٹیسٹنگ کی تعداد بہت کم ہے۔ یہ کافی فکر انگیز ہے۔" انھوں نے مزید کہا کہ "بی جے پی فرقہ واریت اور نفرت کا وائرس پھیلا رہی ہے۔ اس سے ماحول کو بڑا نقصان پہنچے گا۔ ہمیں اس نقصان کی بھرپائی کرنی ہوگی۔ ہم سب کو مل کر کورونا سے لڑنا چاہیے۔"


اپنے خطاب کے دوران سونیا گاندھی نے جان جوکھم میں ڈال کر کورونا سے جنگ لڑنے والوں کی بھرپور تعریف کی۔ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ "اس وقت کامیابی کی کہانیاں بہت کم ہیں، اور ان کہانیوں کی ہمیں تعریف کرنی چاہیے۔ ہمیں ان لوگوں کو سلام کرنا چاہیے جو کورونا وبا کے خلاف جان جوکھم میں ڈال کر لڑائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر، این جی او، صفائی اہلکار اور دیگر جو لوگ اس جنگ میں شامل ہیں، ان سے ہمیں ترغیب ملتی ہے۔"


سونیا گاندھی نے مزید کہا کہ "کووڈ-19 بحران سے نمٹنے کے لیے انھوں نے حکومت کو جو مشورے دیئے، ان پر صحیح طریقے سے کام نہیں کیا گیا۔ غریب مزدوروں اور کسانوں کے کھاتے میں فوراً 7500 روپے ٹرانسفر کیے جانے چاہئیں۔ مزدوروں کو فوڈ سیکورٹی مہیا کرانے کے لیے بھی فوراً اقدام کیے جانے چاہئیں۔" کورونا لاک ڈاؤن میں کسانوں کو ہو رہی دقتوں کو لے کر سونیا گاندھی نے فکر کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ "لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملک کے کسان پریشان ہیں۔ کمزور اور غیر واضح خرید پالیسیوں کے علاوہ سپلائی چین میں بھی دقت ہے جس سے کسانوں کا برا حال ہے۔ کسانوں کے مسائل کا جلد نمٹارا کرنا ہوگا۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔