بی جے پی ترجمان سمبت پاترا ’کورونا‘ کی زد میں، اسپتال میں داخل، دعاؤں کا سلسلہ شروع

سمبت پاترا میں کورونا کی علامت نظر آنے کے بعد جمعرات کی صبح گروگرام واقع میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان کی حالت اس وقت مستحکم ہے اور لوگوں کو کورونا ٹیسٹ رپورٹ کا انتظار ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بی جے پی ترجمان سمبت پاترا میں جمعرات کے روز کورونا کی علامت نظر آنے کے بعد اسپتال میں داخل کیا گیا اور پھر یہ خبر جنگل میں آگ کی طرح چاروں طرف پھیل گئی۔ حالانکہ سمبت پاترا کے ذریعہ اس سلسلے میں ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے لیکن اسپتال میں داخل ہونے کے بعد سے ہی ان کی طبیعت جلد ٹھیک ہونے سے متعلق دعاؤں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ بی جے پی ترجمان تجیندر پال سنگھ بگّا، کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے جیوترادتیہ سندھیا اور مادھو شرما سمیت سمبت پاترا کی متعدد خیر خواہوں نے ان کے جلد ٹھیک ہو کر گھر واپسی کی خواہش سوشل میڈیا کے ذریعہ ظاہر کی ہے۔


میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق سمبت پاترا کو جمعرات کی صبح گروگرام واقع میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں وہ آئی سی یو-7 میں ہیں۔ ہندی نیوز پورٹل 'امر اجالا' کے مطابق کورونا وائرس انفیکشن کی زد میں آنے کے بعد سمبت پاترا کو میدانتا میڈیسٹی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، حالانکہ اس بات کی ابھی تک تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ وہ واقعی کورونا انفیکشن کے شکار ہیں یا پھر اندیشہ کی بنیاد پر وہ اسپتال میں داخل کرائے گئے ہیں۔


بیشتر میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ سمبت پاترا کی کورونا رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے تاکہ یہ بات سامنے آ سکے کہ وہ پازیٹو ہیں یا نہیں۔ قابل غور بات یہ ہے کہ سمبت پاترا کی حالت اسپتال میں مستحکم ہے اور وہ جمعرات کی صبح اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل پر کافی سرگرم بھی نظر آ رہے تھے۔ انھوں نے آج صبح کئی ٹوئٹ بھی کیے تھے، اس لیے سمبت پاتر اکے خیر خواہ ان کی اسپتال سے جلد واپسی کو لے کر دعا کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 May 2020, 5:00 PM