’بی جے پی تمام مذاہب کا احترام کرتی ہے‘ ترجمان نوپور شرما کے قابل اعتراض بیان سے پارٹی نے خود کو کیا علیحدہ

انچارج صدر دفتر کی جانب سے اتوار کے روز جاری کردہ بیان میں کہا گیا، "ہندوستان کی ہزاروں سالوں کی تاریخ میں ہر مذہب پروان چڑھا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی تمام مذاہب کا احترام کرتی ہے۔

کانپور میں فلیگ مارچ نکالتے پولیس اہلکار اور افسران / آئی اے این ایس
کانپور میں فلیگ مارچ نکالتے پولیس اہلکار اور افسران / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: بی جے پی نے پارٹی کی ترجمان نوپور شرما کے بیان سے خود کو علیحدہ کر لیا ہے جس میں انہوں نے پیغمبر اسلامؐ پر توہین آمیز تبصرہ کیا تھا۔ پارٹی کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ وہ مذہبی اتحاد میں یقین رکھتی ہے۔ پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری اور انچارج صدر دفتر ارون سنگھ نے کہا کہ ’’بی جے پی کسی بھی مذہب سے وابستہ عظیم اور قابل احترام شخصیتوں کی بے حرمتی قبول نہیں کرتی۔ کسی بھی مذہب و فرقہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والا خیال قبول نہیں۔‘‘

انچارج صدر دفتر کی جانب سے اتوار کے روز جاری کردہ بیان میں کہا گیا، "ہندوستان کی ہزاروں سالوں کی تاریخ میں ہر مذہب پروان چڑھا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی تمام مذاہب کا احترام کرتی ہے۔ بی جے پی کسی بھی مذہب کے کسی مذہبی شخص کی توہین کی سختی سے مذمت کرتی ہے۔ پارٹی کسی بھی ایسے نظریے کے سخت خلاف ہے، جو کسی فرقے یا مذہب کی توہین کرتا ہے۔ بی جے پی ایسے کسی نظریے کی تشہیر نہیں کرتی۔"


پارٹی نے کہا، "ہندوستان کا آئین ہر شہری کو اپنی پسند کے مذہب پر عمل کرنے کا حق دیتا ہے۔ جیسا کہ ہندوستان اپنی آزادی کا 75 واں سال منا رہا ہے، ہم ہندوستان کو ایک عظیم ملک بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ جہاں سب برابر ہیں اور ہو کوئی عزت کے ساتھ رہتا ہے، جہاں سبھی ہندوستان کے اتحاد اور سالمیت کے لئے پرعزم ہیں، جہاں سبھی ترقی اور ترقی کے ثمرات سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

معلوم ہوا ہے کہ نوپور شرما کے بیان پر مسلمانوں میں سخت غم و غصہ پایا جا رہا ہے اور اس معاملہ پر جمعہ کے روز احتجاج کے دوران کانپور میں تشدد پھوٹ پڑا تھا۔ قابل اعتراض بیان دینے کے معاملہ میں نوپور شرما کے خلاف مقدمہ بھی درج کرایا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */