بی جے پی نکسلیوں سے بھی زیادہ خطرناک: ممتا بنرجی

ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی انتخابات سے پہلے وعدے کریں گے اور ایک بار انتخابات ختم ہو جائیں گے تو بھاگ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بنگال میں بی جے پی میدان میں کم، میڈیا کی خبروں میں زیادہ نظر آتی ہے۔

ممتا بنرجی، تصویر آئی اے این ایس
ممتا بنرجی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کولکاتا: مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات سے قبل سیاسی بیان بازیوں کا دور تیز ہو رہا ہے۔ اسی ضمن میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے اسے نکسلیوں سے بھی زیادہ خطرناک قرار دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بی جے پی غلط بیانی سے کام لیتی ہے اور جب انتخابات اختتام پذیر ہوں گے تو وہ یہاں سے راہِ فرار اختیار کرے گی۔

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ آپ سبھی نے لوک سبھا میں بی جے پی کے لئے حق رائے دہی کا استعمال کیا، آپ کا کوئی رکن پارلیمنٹ آپ سے ملاقت کے لئے جاتا ہے؟ کیا انہوں نے آپ کو کچھ دیا ہے؟ وہ انتخابات سے پہلے وعدے کریں گے اور ایک بار انتخابات ختم ہو جائیں گے تو بھاگ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بنگال میں بی جے پی میدان میں کم، میڈیا کی خبروں میں زیادہ نظر آتی ہے۔


بی جے پی پر نشانہ لگاتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ حزب اختلاف کو ڈرانے اور دھمکانے کے لئے بی جے پی آئی ٹی کا استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے فرضی خبریں پھیلانے کے لئے واٹس ایپ گروپ بنائے ہوئے ہیں۔ بی جے پی نکسلیوں سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔ انہوں نے (بی جے پی) برسا منڈا کی بے حرمتی کی ہے۔

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ انتخابات سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے 15 لاکھ روپے کا وعدہ کیا تھا، کیا آپ میں سے کسی کو ملا ہے؟ بنگال میں دنگا باز بی جے پی کو نہیں چلنے دیں گے۔ ممتا نے اداکارہ سیونی گھوش کے حوالہ سے بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے سیونی گھوش کو دھمکایا ہے۔


ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی اگر بنگالی فلم صنعت سے کسی کو دھمکانے یا چھونے کی ہمت کرتی ہے تو ہم دیکھ لیں گے! سیونی گھوش میری بیٹی کی طرح ہے۔ خیال رہے کہ بی جے پی کے لیڈر تتھاگت رائے نے سیونی گھوش کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔