’ٹھنڈے پانی کے ساتھ گائے کا پیشاب ملا کر پئیں اور کورونا سے محفوظ رہیں‘، بی جے پی رکن اسمبلی کی صلاح

بی جے پی رکن اسمبلی سریندر سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے انھوں نے گائے کے پیشاب کا استعمال کیا۔ انھوں نے بتایا کہ یہی وجہ ہے کہ وہ کورونا وائرس انفیکشن سے محفوظ ہیں۔

سریندر سنگھ، بی جے پی ممبر اسمبلی، تصویر آئی اے این ایس
سریندر سنگھ، بی جے پی ممبر اسمبلی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں کورونا وائرس نے کہرام مچا رکھا ہے۔ ہر دن ہزاروں لوگ اپنی جان گنوا رہے ہیں۔ اس درمیان انتظامات کو ٹھیک کرنے کی جگہ بی جے پی لیڈران اور حکومت کے نمائندے حیرت انگیز بیان بازی کر رہے ہیں۔ اپنے بیانات کو لے کر سرخیوں میں رہنے والے یو پی واقع بلیا سے بی جے پی رکن اسمبلی سریندر سنگھ نے ایک بار پھر عجیب و غریب بیان دیا ہے۔ وہ ایک ویڈیو میں دعویٰ کر رہے ہیں کہ گائے کا پیشاب پی کر کورونا وائرس سے بچا جا سکتا ہے۔

بی جے پی رکن اسمبلی سریندر سنگھ نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے انھوں نے گائے کے پیشاب کا استعمال کیا۔ انھوں نے بتایا کہ یہی وجہ ہے کہ وہ کورونا وائرس انفیکشن سے محفوظ ہیں۔ ویڈیو میں وہ لوگوں کو بھی صلاح دے رہے ہیں کہ لوگ بھی ایک گلاس ٹھنڈے پانی کے ساتھ گئو موتر کا استعمال کریں۔


دنیا بھر میں کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے سائنسی بنیادوں پر قدم اٹھائے جا رہے ہیں، لیکن بی جے پی رکن اسمبلی کے اس طرح کے بیان پر لوگ سوال کھڑے کر رہے ہیں۔ رکن اسمبلی سریندر سنگھ پہلے بھی تنازعوں میں رہے ہیں۔ اسی سال جنوری میں ان کا اپنی ہی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ویریندر سنگھ مست کے ساتھ تنازعہ ہو گیا تھا۔ ایک میٹنگ کے دوران انھوں نے رکن پارلیمنٹ کی مخالفت کی تھی اور میٹنگ درمیان میں ہی چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ اس دوران جم کر ہنگامہ بھی ہوا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */