کورونا پازیٹو امت شاہ کی صحت یابی کے لیے بی جے پی لیڈر نے 'روزہ' رکھنا شروع کیا

کشمیری بی جے پی لیڈر جاوید قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ "امت شاہ کی صحتیابی کے لیے میں بھی اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں اور بی جے پی کے دوسرے ورکرس بھی اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا کریں۔"

user

تنویر

ویڈیو بشکریہ صحافی ندیم

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے کورونا پازیٹو ہونے کی خبر سن کر کئی سیاسی لیڈران نے ان کے جلد صحت یاب ہونے کے لیے دعائیں کی ہیں، لیکن کشمیر سے تعلق رکھنے والے ایک مسلم بی جے پی لیڈر نے جو قدم اٹھایا ہے وہ موضوعِ بحث بن گیا ہے۔ دراصل شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے بی جے پی لیڈر جاوید قریشی نے امت شاہ کی صحت یابی کے لیے 'روزہ' رکھنا شروع کر دیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ وہ یہ روزہ اس وقت تک رکھیں گے جب تک کہ ان کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ نگیٹو نہ آ جائے۔

بتایا جاتا ہے کہ جاوید قریشی نے گزشتہ ہفتہ بی جے پی جموں و کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ کی کورونا سے صحت یابی کے لئے بھی روزے رکھے تھے، اور اب انھوں نے امت شاہ کے لیے بھی کچھ ایسا ہی عمل کرنا شروع کر دیا ہے۔ خبر رساں ادارہ یو این آئی اردو سے موصول خبروں کے مطابق اس تعلق سے جاوید قریشی نے ایک ویڈیو بیان بھی جاری کیا ہے جس میں وہ کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ :ہمارے امت شاہ جی کا کورونا وائرس ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے۔ میں نے ان کی صحت یابی کے لئے روزے رکھنے کا فیصلہ لیا ہے۔ میں یہ روزے رکھنا تب تک جاری رکھوں گا جب تک امت شاہ جی کا ٹیسٹ نگیٹو نہیں آ جاتا۔"


کشمیری بی جے پی لیڈر جاوید قریشی نے اپنے ویڈیو بیان میں یہ بھی کہا کہ "میں خود بھی اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں اور بی جے پی کے دوسرے ورکرس بھی اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا کریں کہ ہمارے امت شاہ جی بالکل صحت یاب ہوجائیں۔ اگر ہماری پارٹی میں کوئی بھی مشکل آجاتی ہے، اس کو ہم دعا سے ہی حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ مجھے اوپر والے پر بھروسہ ہے کہ امت شاہ جی بہت جلد صحت یاب ہوجائیں گے۔"

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Aug 2020, 2:59 PM