ووٹنگ سے دو روز قبل اروناچل میں بی جے پی رہنما کا اغوا

اروناچل پردیش میں بیکوقت ہونے والے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات سے دو روز قبل بدھ کو ریاست کے لونگڈنگ ضلع میں ایک گرام پنچایت کے سربراہ اور بی جے پی لیڈر کا مشتبہ دہشت گردوں نے اغوا کر لیا

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر / آئی اے این ایس</p></div>

علامتی تصویر / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

ایٹانگر: اروناچل پردیش میں بیکوقت ہونے والے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات سے دو روز قبل بدھ کو ریاست کے لونگڈنگ ضلع میں ایک گرام پنچایت کے سربراہ اور بی جے پی لیڈر کا مشتبہ دہشت گردوں نے اغوا کر لیا۔ پولیس نے کہا کہ 50 سالہ سنگم وانگسو کو لونگڈنگ کے لونگاکھا میں واقع ان کے گھر سے بندوق کی نوک پر اغوا کر لیا گیا۔

واردات کے فوراً بعد اروناچل پردیش کے چیف الیکٹورل آفیسر پون کمار سین نے کہا کہ زیرزمین عناصر کی جانب سے انتخابی عمل میں کوئی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسی سرگرمیوں کے خلاف سیکورٹی فورسز سخت کارروائی انجام دیں گی۔ ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ پولیس اور نیم فوجی دستے بی جے پی رہنما کا سراغ لگانے میں مصروف ہیں۔

یہ واردات ان خبروں کے درمیان انجام دی گئی ہے کہ ایک ملی ٹینٹ تنظیم نے 19 اپریل کے اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کر رہی ایک خاص سیاسی جماعت کے امیدواروں کو حمایت کرنے پر ووٹروں کو مبینہ طور پر دھمکی دی تھی۔


اروناچل پردیش میں دو لوک سبھا سیٹوں اروناچل مشرق اور اروناچل مغرب کے علاوہ 50 اسمبلی سیٹوں کے لیے بیکوقت 19 اپریل کو ووٹنگ ہوگی۔ اروناچل پردیش میں 60 اسمبلی سیٹیں ہیں، تاہم برسراقتدار بی جے پی 10 سیٹوں پر پہلے ہی بلامقابلہ جیت درج کر چکی ہے۔

الیکٹورل افسران نے کہا کہ 16 مارچ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد کم از کم 36 واقعات رونما ہو چکے ہیں، جن میں ایک شخص کی موت ہو چکی ہے اور 34 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔