مودی جی مہنگائی، غریبی اور بے روزگاری پر منہ نہیں کھولتے: راہل گاندھی

سابق صدر راہل گاندھی نے شمال مشرقی ممبئی میں چاندولی انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی جی چاند کی بات تو کر رہے ہیں، لیکن انہیں بے روزگاری کی کوئی فکر نہیں ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی: ملک سنگین معاشی طور پربحرانی دور سے گزر رہا ہے اور پانچ سال قبل امریکہ کا معاشی طور پر مقابلہ کرنے کی طاقت رکھنے والا ملک اس سنگین دور سے گزر رہا ہے، کیونکہ حکمراں جماعت عوام کو لوٹ رہی ہے اور انہیں مذہب، ذات اور علاقائیت کے نام پر تقسیم کیا جارہا ہے اس با ت کا اظہار کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی چاند کی بات کر رہے ہیں، لیکن انہیں بے روزگاری کی کوئی فکر نہیں ہے آج یہاں شمال مشرقی ممبئی میں چاندولی انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے مزید کہا کہ رافیل طیارہ سودے میں بدعنوانی ہوئی ہے اوراس کا درد برسر اقتدار طبقہ کے دل میں پایا جاتا ہے، دراصل یہی وجہ ہے کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ طیاروں کی ڈلیوری لینے فرانس پہنچے جو کہ پہلے کھبی نہیں ہوا تھا۔

راہل گاندھی نے واضح طور پر کہا کہ بے روزگاری، بھکمری اور بدعنوانی عروج پر ہیں اور عام آدمی کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ دراصل موجودہ حکومت صرف امراء کی حامی ہے اور اسے غریبوں سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ مرکز اور ریاست میں برسر اقتدار بی جے پی حکومتوں کو اپنا ایجنڈا نافذ کرنے کی فکر ہے اور اسی بہانے وہ عوام کو لوٹنے کا کام کررہی ہے، جس طرح انگریز کیا کرتے تھے۔


چاندولی کے کانگریس امیدوار اور پانچویں مرتبہ قسمت آزما رہے عارف نسیم خان نے عوام پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ عوامی فلاح وبہبود اور بھلائی کے لیے کام پر یقین رکھتے ہیں، اس لیے ہمیں موجودہ حکومت کو شکست دینا ہے جو کہ آپس میں فرقوں کو لڑانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں راہل گاندھی کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

اس سے قبل معروف لیڈر مولانا عبیداللہ خان اعظمی نے کہا کہ آج ملک کے حالات 1947 سے بھی زیادہ سنگین ہیں اور یہ مہاراشٹر کے رائے دہندگان کا فرض ہے کہ وہ فرقہ پرستوں کو اپنے ووٹ سے شکست فاش دیں۔ بلکہ ووٹ کے ذریعے ان قوتوں کو زیر کردیا جائے۔


انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کے حالیہ انتخابات کو حق وباطل۔ کے درمیان جنگ قرار دیا اور مزید کہا کہ مضبوط ہوکر کانگریس کو کامیابی دلائیں تاکہ ریاست اور ملک کی ترقی ممکن بنائے۔

اس جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مہاراشٹر کا انچارج کھڑگے نے بی جے پی اور شیوسینا محاذ حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جلد ہی اس حکومت کا خاتمہ ہونا ممکن ہے کیونکہ اس سرکار چھوٹے بیوپاریوں، کسانوں اور غریبوں کو نست ونابود کردیا ہے۔ انہوں نے ارے کالونی میں درختوں کی کٹائی پر حکومت کی شدید نکتہ چینی کی۔ اس موقع پر مضافات کے تمام کانگریسی امیدواروں کا تعارف پیش کیا گیا، جلسہ چندرکانت ترپاٹھی اور دیگر نے خطاب کیا جبکہ شریف خان، ذاکر احمد اور رضوان خان بھی موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔