نتیش کے وار سے بی جے پی میں سکتہ طاری، ریاست کے تمام لیڈران کا پٹنہ دفتر پر دھرنا

دھرنے پر بیٹھے بی جے پی کے ریاستی صدر سنجے جیسوال نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں بہار کے عوام نے این ڈی اے کو مینڈیٹ دیا تھا لیکن مینڈیٹ کی توہین کر نتیش انہی کے ساتھ مل گئے، جن کے خلاف وہ لڑتے رہے ہیں

بی جے پی کا دھرنا / ٹوئٹر
بی جے پی کا دھرنا / ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

پٹنہ: بہار میں نتیش کمار کی طرف سے پالا بدلنے کی وجہ سے بی جے پی لیڈران پر سکتہ طاری ہو گیا ہے۔ حیران پریشان بی جے پی لیڈران پٹنہ میں ریاستی بی جے پی کے دفتر کے سامنے دھرنے پر بیٹھ گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ نتیش کمار نے این ڈے اے سے ناطہ توڑ اور آر جے ڈی اور کانگریس کے عظیم اتحاد میں شامل ہو کر انہیں دھوکہ دیا ہے۔ بی جے پی نے نتیش کے عظیم اتحاد کے ساتھ جانے کو مینڈیٹ کی توہین قرار دیتے ہوئے بدھ کو ایک روزہ دھرنے کا اہتمام کیا ہے۔ اس میں پارٹی کے تمام سینئر لیڈر حصہ لے رہے ہیں۔

دھرنے پر بیٹھے بی جے پی کے ریاستی صدر سنجے جیسوال نے کہا کہ بہار کے عوام نے اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کو مینڈیٹ دیا تھا لیکن اس مینڈیٹ کی توہین کر کے نتیش کمار اب ان لوگوں کے ساتھ ہو گئے ہیں جن کے خلاف لڑ کر انہوں نے اپنی شناخت قائم کی۔ سیاست میں انہوں نے کہا کہ اگر حکومت میں کوئی مسئلہ ہے تو ہم صرف نتیش کمار کے پاس جائیں گے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ کے پاس نہیں۔ ہم زہریلی شراب سے ہونے والی موت پر سوال کرتے تھے اور کہہ رہے تھے کہ قابو کرو لیکن انہیں برا لگتا تھا۔


دھرنے پر بیٹھے سابق مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے کہا کہ یہ بی جے پی ہی تھی جس نے نتیش کمار کو آگے بڑھایا اور اب وہ ہم پر پارٹی کو توڑنے کا الزام لگاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس غداری کے لیے ریاست بھر میں جائیں گے، عوام نتیش کمار کے اس اقدام سے ناراض ہیں اور اس کا جواب دیں گے۔

وہیں، مرکزی وزیر نتیانند رائے نے کہا کہ بدعنوانی پر زیرو ٹالرنس کی بات کرنے والے نتیش کمار کانگریس اور آر جے ڈی کے ساتھ مل کر حکومت بنا رہے ہیں جو بدعنوانی کی پہچان بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نتیش نے مینڈیٹ کی توہین کی ہے، 12 اگست کو ضلع ہیڈکوارٹر پر اور 13 اگست کو بلاک ہیڈ کوارٹر پر نتیش کمار کے خلاف دھرنا دیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔