’بی جے پی نے اپنے سیاسی مفادات کے لیے غنڈوں کو کھلا چھوڑ دیا ہے‘، گجرات میں نظامِ قانون پر کانگریس نے اٹھائی انگلی

گجرات کانگریس صدر شکتی سنگھ گوہل کا کہنا ہے کہ پہلے وڈودرا اور پھر احمد آباد میں جس طرح کے واقعات سامنے آئے ہیں، لوگوں کے ساتھ جس طرح مار پیٹ اور بدسلوکی ہوئی ہے، وہ تباہ حال نظامِ قانون کی نشانی ہے۔

شکتی سنگھ گوہل، تصویر آئی اے این ایس
شکتی سنگھ گوہل، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

گجرات میں بڑھتے جرائم کے واقعات اور غنڈوں کی بدمعاشی پر کانگریس نے ریاستی حکومت کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی ہدف تنقید بنایا ہے۔ خاص طور سے گزشتہ روز وڈودرا میں ہوئے ’ہٹ اینڈ رن‘ معاملہ کے ساتھ ساتھ احمد آباد میں کچھ غنڈوں کے ذریعہ سڑک پر نکل کر لاٹھی-ڈنڈوں و تلوار کے ساتھ کی گئی مار پیٹ پر کانگریس نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ گجرات میں نظامِ قانون پر انگلی اٹھاتے ہوئے کانگریس نے کہا ہے کہ اب تو اس طرح کے واقعات روزانہ پیش آنے لگے ہیں۔

گجرات کانگریس کے صدر شکتی سنگھ گوہل نے ریاست کے نظامِ قانون پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے موجودہ حالات کو باعث شرمندگی قرار دیا ہے۔ انھوں نے اس تعلق سے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے، جو کہ کانگریس کے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر بھی شیئر کیا گیا ہے۔ اس میں وہ کہتے ہیں کہ ’’گجرات میں دن بہ دن ایسے واقعات ہو رہے ہیں جو مہاتما گاندھی جی کی جنم بھومی کے لیے شرمناک ہیں۔‘‘ انھوں نے بی جے پی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’پہلے وڈودرا اور پھر احمد آباد میں جس طرح کے واقعات سامنے آئے ہیں، جس میں لوگوں کے ساتھ مار پیٹ اور بدسلوکی ہوئی، اس سے صاف ہے کہ ریاست میں نظامِ قانون تباہ ہو چکا ہے۔‘‘


گجرات میں پھیلی بدامنی اور بڑھتے جرائم کے واقعات کے لیے شکتی سنگھ گوہل نے پوری طرح سے بی جے پی کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی نے سبھی غنڈوں کو اپنے سیاسی مفادات کے لیے کھلا چھوڑ دیا ہے۔ بی جے پی کے ذریعہ ان غنڈوں کو کھلا چھوڑنے کا مقصد پیسے کی وصولی اور مخالفین کو نشانہ بنایا ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’بی جے پی نے اپنی سیاست کے مطابق فیلڈ میں پولیس افسران اتار رکھے ہیں، اور ایمانداری سے کام کرنے والے افسران کو کنارہ کش کر دیا ہے۔ بی جے پی کے اس رویہ کا سب سے زیادہ نقصان عام گجراتی عوام بھگت رہی ہے۔‘‘

کانگریس لیڈر نے انتظامیہ کے ذریعہ کی جا رہی بلڈوزر کارروائی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ریاست میں تباہ نظامِ قانون اور اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے بی جے پی حکومت ان لوگوں کے گھروں پر بلڈوزر چلا رہی ہے، جن کے لڑکے بی جے پی کی پشت پناہی میں غنڈہ گردی کر رہے تھے اور گھر والوں نے پہلے ہی انھیں گھر سے بے دخل کر دیا تھا۔‘‘ ظاہر ہے شکتی سنگھ گوہل اپنے بیان سے یہ ظاہر کرنا چاہ رہے ہیں کہ بی جے پی حکومت اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے بلڈوزر کارروائی تو کر رہی ہے، لیکن غلطی کسی کی ہے اور سزا کسی کو دیگر کو مل رہا ہے۔ گجرات کانگریس صدر کا کہنا ہے کہ ’’آج گجرات میں جس طرح کا غنڈہ راج چل رہا ہے، اس کا از خود نوٹس سپریم کورٹ اور حقوق انسانی کمیشن کو لینا چاہیے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔