کسانوں کی تباہی پر آمادہ ہے بی جے پی حکومت: اکھلیش

اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت کو کسان کی زندگی سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔ اس کی کسان مفاد کی باتیں بے بنیاد اور جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں ہیں۔

اکھلیش یادو، تصویر آئی اے این ایس
اکھلیش یادو، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

لکھنؤ: سماجو ادی پارٹی (ایس پی) سربرہ اکھلیش یادو نے کہا کہ کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کا وعدہ کرنے والی بی جے پی کی ڈبل انجن کی حکومت حقیقت میں کسانوں کو تباہ کرنے پر آمادہ ہے۔ اکھلیش یادو نے اتوار کو کہا کہ کسانوں کی دھان کی پکی اور کھڑی فصل بے وقت بارش سے برباد ہوگئی ہے۔ خرید مراکز میں خرید نہ ہونے سے کسان کو اپنی فصل ہزار۔ گیارہ سو روپئے فی کوئنٹل میں فروخت کرنا پڑ رہا ہے۔

اکھلیش یادو نے مزید کہا کہ حکومت نے ابھی نقصان کا نا تخمینہ لگایا ہے نہ فوری مدد کا اعلان کیا ہے۔ بی جے پی نے کسان کی آمدن دو گنی کی نہیں کسان کا قرض اور پریشانی میں ڈال دیا ہے۔ اگلی فصل کی تیاری کے لئے وہ کھاد کے لئے در در کی ٹھوکریں کھا رہا ہے۔ ڈبل انجن حکومت اسے دستیاب نہیں کرا رہی ہے۔ بی جے پی حکومت کو کسان کی زندگی سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔ اس کی کسان مفاد کی باتیں بے بنیاد اور جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں ہیں۔


انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی بے حسی کی حد یہ ہے کہ کھاد کے لئے کسان گھنٹوں نہیں کئی دن لائن لگانے کو مجبور ہیں، لیکن انہیں کھاد نہیں مل پا رہی ہے۔ ریاست میں جتنی کھاد کی ضرورت ہے اتنی کسانوں کو نہیں مل پا رہی ہے۔ ریاست میں تمام اضلاع میں کھاد کے لئے ہنگامہ مچا ہوا ہے اور حکومت کان میں تیل ڈالے ہوئے ہے۔

سابق وزیر اعلی نے کہا کہ بندیل کھنڈ میں تو کھاد کے نظم ونسق کا سوال بن جانے کا خطرہ ہے۔ کونچ جالون، للت پور، جھانسی وغیرہ اضلاع میں کمیونٹی کوآپریٹیو سوسائٹیز میں کھاد نہ ہونے سے کسان پریشان ہیں۔ کسان رات سے لائن لگا رہے ہیں۔ بی جے پی ویسے بھی پونجی گھرانوں کی محافظ پارٹی ہے۔ اسے اب لگ رہا ہے کہ بڑھتے عوامی اشتعال کی وجہ سے اس کی اقتدار میں دوبارہ واپسی نہیں ہونی والی ہے۔ اس لئے وہ کسانوں کو پوری طرح حاشیہ پر رکھ رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔