جھگی جھونپڑی اور ریہڑی والوں کی بے دخلی سے بی جے پی کی غریب دشمنی بے نقاب: دیویندر یادو
دیویندر یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے جھگی جھونپڑی اور ریہڑی والوں کو بے دخل کر کے غریب دشمنی ظاہر کی۔ نیز، اس نے لائسنس نہ دے کر لاکھوں مزدوروں کا روزگار چھین لیا

دیویندر یادو / تصویر آئی این سی
نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے کہا ہے کہ بی جے پی کی ریکھا گپتا حکومت جھگی جھونپڑی میں رہنے والے مزدوروں اور ریہڑی والوں کے خلاف سخت اقدامات کر رہی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ حکومت غریب مخالف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مزدوروں نے دہلی میٹرو، فلائی اوور، فلک بوش عمارتیں اور ہمارے گھروں کی تعمیر میں محنت کی، مگر اب انہی کے گھروں کو مسمار کر کے بی جے پی نے اپنی اصل تصویر پیش کی ہے۔
دیویندر یادو نے بتایا کہ ریہڑی پٹڑی قانون 2014 کے تحت دہلی میں 5 لاکھ سے زیادہ ریہڑی والوں کو لائسنس دینے کا حکم تھا تاکہ ان کی روزگار کی حفاظت کی جا سکے لیکن نہ تو عام آدمی پارٹی نے اور نہ ہی بی جے پی کی حکومت نے ان کو لائسنس دیے۔ بلکہ ان کو ان کی جگہوں سے بے دخل کیا جا رہا ہے۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ انتخابی دور میں بی جے پی کی جانب سے جھگیوں میں رات گزارنے اور ریہڑی والوں کی حمایت کرنے کے وعدے صرف سیاسی ڈرامہ تھے۔
دیویندر یادو نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت نے دہلی کے مختلف علاقوں جیسے سروجنی نگر مارکیٹ، لاجپت نگر، مجنوں کا ٹیلہ اور دیگر جگہوں پر ریہڑی والوں کو بے دخل کر کے بڑے سرمایہ داروں کے مال اور اسٹورز کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی ہے۔ وہ اس بات پر بھی سوال اٹھاتے ہیں کہ کہیں یہ کارروائی سرمایہ داروں کے مفادات کے لیے تو نہیں کی جا رہی؟
انہوں نے مزید کہا کہ جھگی جھونپڑی میں رہنے والے مزدور اور ریہڑی والے دہلی کی معیشت کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، مگر حکومت نے ان کو بے دخل کر کے ان کا روزگار چھین لیا ہے۔ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ نے واضح کیا ہے کہ بغیر متبادل انتظام کے کسی بھی سرکاری ادارے کو جھگیوں کو ختم کرنے کا اختیار نہیں ہے لیکن بی جے پی حکومت اس عدالتی ہدایت کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔
دیویندر یادو نے کہا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر جھگیوں کو ختم کرنے اور ریہڑی والوں کے روزگار چھیننے کی کارروائی بند نہیں کی تو کانگریس سڑکوں پر احتجاج کرے گی اور اس کے خلاف بھرپور آواز اٹھائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔