کورونا بحران کے وقت بھی حکومت کسانوں کو نظر انداز کر رہی: دانش علی

دانش علی نے کہا کہ حکومت کی منشا اسی بات سے ظاہر ہوتی ہے کہ کسانوں کے حقوق کے نام پر الیکشن کے وقت پی ایم کسان سمان نیدھی شروع ہوئی تھی لیکن مستفید ہونے والے کسانوں کی تعداد مسلسل کم ہو رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے لیڈر اور امروہہ سے لوک سبھا رکن پارلیمنٹ کنور دانش علی نے مرکزی حکومت پر کسانوں کو ان کا پورا حق نہ دینے کا الزام لگاتے ہوئے منگل کو کہا کہ حکومت کسانوں کو نظر انداز کر رہی ہے جو بہت دکھ کی بات ہے۔ دانش علی نے ایک بیان جاری کر کے کہا کہ یوں تو پورا ملک ہی کورونا کی عالمی وبا کی وجہ سے لاک ڈاؤن کی مار جھیل رہا ہے جس کی وجہ سے سبھی شعبوں کو اقتصادی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن کسان کی کمائی کا واحد ذریعہ کھیتی ہوتی ہے اور وہ بھی اس بحران سے دور نہیں ہے۔ اس بحران کے وقت بھی حکومت کسانوں کے حقوق پر توجہ نہیں دے رہی ہے۔

دانش علی نے کہا کہ حکومت کی منشا کا اندازہ ان اعدادو شمار سے لگایا جاسکتا ہے کہ بی جے پی حکومت نے کسانوں کے حقوق کے نام پر الیکشن کے وقت پی ایم کسان سمان نیدھی کی شروعات کی تھی لیکن مستفید ہونے والے کسانوں کی تعداد مسلسل کم ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے لوک سبھا حلقے امروہہ ضلع میں دو لاکھ 35 ہزار 913 کسان رجسٹرڈ ہیں اور ان میں سے صرف ایک لاکھ 65 ہزار 359 کسانوں کو پہلے مرحلے میں فائدہ پہنچا تھا۔ دوسرے مرحلے میں ایک لاکھ 21ہزار 303 کسانوں کو، تیسرے مرحلے میں 44 ہزار 346، چوتھے مرحلے میں 88 ہزار 4 سو 30 کو اور اب پانچویں مرحلے تک گھٹ کر یہ تعداد 79 ہزار 758 تک پہنچ گئی ہے۔


بی ایس پی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ یہ صرف امروہہ ضلع کی ہی مثال ہے۔ آپ ملک کے باقی حصوں میں پی ایم کسان سمان نیدھی کی حالت کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔ کسانوں کے حقوق کی ہمیشہ کی حکومت کے ذریعہ ان دیکھی کی جا رہی ہے جو بڑے دکھ کی بات ہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ملک کے سبھی کسانوں کو ان کا پورا حق ملے یہاں تک کہ انہیں لاک ڈاؤن میں ہوئے نقصان کے لئے الگ سے سبسڈی دی جائے جس سے وہ اس بحران سے باہر آسکیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔