حکومت ملاوٹ خوروں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے جی ایس ٹی کے فائدے بتا رہی ہے: دیویندر یادو
دیویندر یادو نے کہا کہ ’’سرمایہ داروں کو تحفظ فراہم کرنے والی دہلی کی بی جے پی حکومت ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے بازاروں میں جی ایس ٹی کا فائدہ بتا رہی ہے۔‘‘

دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ ’’تہواروں کے موسم میں بڑے پیمانے پر ملاوٹ شدہ اشیاء کو روکنے میں دہلی کی بی جے پی حکومت ناکام ثابت ہو رہی ہے۔ ان میں سنتھیٹک فیٹ، ڈیٹرجنٹ، یوریا، پلاسٹر آف پیرس جیسی نقصاندہ چیزیں ملا دی جاتی ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت کے فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کی ناک کے نیچے ملاوٹ کرنے والوں کا کاروبار زور و شور سے چل رہا ہے۔ ملاوٹ کا مسئلہ صحت کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ پنیر پروٹین کا ایک اہم ذریعہ ہے، جس کے سبب لوگ روزانہ اس کا استعمال کرتے ہیں۔ لیکن بازار میں ملاوٹ شدہ مصنوعات کی آمد صحت کو فائدہ پہنچانے کے بجائے نقصان پہنچا رہی ہے۔
دیویندر یادو نے کہا کہ نوراتری کے آغاز پر ہی براری کے جہانگیر پوری، مہیندر پارک، سمے پور، بھلسوا ڈیری لال باغ، اور سوروپ نگر کے 200-150 لوگ ملاوٹ شدہ کُٹو آٹا کھا کر براڑی اسپتال اور بابو جگجیون رام اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ سرمایہ داروں کو تحفظ فراہم کرنے والی دہلی کی بی جے پی حکومت ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے بازاروں میں جی ایس ٹی کا فائدہ بتا رہی ہے۔ بی جے پی حکومت عوامی اعلانات جاری کر دکانداروں اور رہائشیوں کو ملاوٹ شدہ اشیاء سے ہوشیار رہنے کا مشورہ دے رہی ہے۔
دیویندر یادو کے مطابق رواں سال اپریل میں نیشنل فوڈ سیفٹی ایجنسی نے پنیر کو ہندوستان کا سب سے زیادہ ملاوٹ شدہ کھانے کی اشیاء قرار دیا تھا، 10 میں سے 8 نمونے فیل ہوئے تھے۔ دہلی میں تہواروں سے قبل چیکنگ بڑھانے کا اعلان کیا گیا تھا، لیکن مناسب نگرانی کی کمی کے باعث ملاوٹ جاری ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت کی فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈ اتھارٹی (ایف ایس ایس اے آئی) کی جانب سے ڈیری اینالاگس پر کنسلٹیشن پیپر جاری کرنے کے باوجود، ملاوٹ شدہ پنیر کی بڑی مقدار اب بھی بازار میں پہنچ رہی ہے۔
کانگریس کے ریاستی صدر نے مزید کہا کہ بی جے پی کی ریکھا گپتا حکومت عوامی صحت کے خطرات کو مکمل طور پر نظر انداز کر رہی ہے۔ جبکہ ملاوٹ شدہ دودھ کی مصنوعات الٹی، پیٹ کے مسائل، گردے کے نقصان اور طویل مدتی کینسر کا سبب بن سکتی ہیں۔ حکومت کی آگاہی مہم اس کی روک تھام کے لیے اپنی کوششوں میں ناکام ہے۔ ساتھ ہی دیویندر یادو نے دہلی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا سے مطالبہ کیا کہ وہ دہلی والوں کو ملاوٹ شدہ مصنوعات سے نجات دلائیں، ملاوٹ کرنے والوں اور اس میں تعاون کرنے والے سرکاری افسران کے خلاف براہ راست کارروائی کا حکم دیں۔ صرف دکانداروں اور دہلی کے باشندوں کو خبردار کرنے سے کام نہیں چلے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔