مدراسی کیمپ کو اجاڑ کر بی جے پی حکومت ادنیٰ درجہ کی سیاست کر رہی ہے: دیویندر یادو

دیویندر یادو نے کہا کہ ’’جب سے بی جے پی اقتدار میں آئی ہے اپنی غریب مخالف ذہنیت کے تحت سیکڑوں کنبوں کو اجاڑ کر دہلی سے باہر کر چکی ہے۔ حالانکہ غریب لوگ دہلی کی ترقی میں اہم کردار اد کر رہے ہیں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>دیویندر یادو / آئی اے این ایس</p></div>

دیویندر یادو / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے آج مدراسی کیمپ میں اجاڑے گئے سینکڑوں گھروں سے متعلق اپنا سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ریکھا گپتا حکومت کو ہدف تنقید بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’نہایت افسوس کی بات ہے کہ یکم جون کو جنگ پورہ میں مدراسی کیمپ کے 370 کنبوں کو بغیر کسی متبادل رہائش کے اجاڑ کر بے گھر کر دیا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ایک طرف وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کہتی ہیں کہ غریب جھگی والوں کو نہیں اجاڑا جائے گا دوسری جانب انہیں بے گھر کر دیا جا رہا ہے۔ ریکھا گپتا غریب جھگی والوں کے خلاف یہ کیسی دوہری سیاست کر رہی ہیں۔ دیویندر یادو کے مطابق حکومت کے ذریعہ چنندہ 215 پریواروں کے لیے نریلا میں متبادل انتظام کر کے اپنی پیٹھ تھپتھپا رہی ہے۔ جبکہ 155 پریواروں کو بے سہارا اور بے گھر کرنا طے شدہ پالیسی کے خلاف ہے۔ حالانکہ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ نے یہ حکم دیا ہے کہ بغیر کسی متبادل انتظام کے کسی جھگی کو اجاڑا نہیں جائے گا۔

دیویندر یادو نے کہا کہ ریکھا گپتا حکومت کی پہلی ترجیح بے گھر خاندانوں کو انسانیت کے پیش نظر متبادل رہائش فراہم کرنے کی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے دہلی اسمبلی انتخابات کے وقت اپنے انتخابی منشور میں دہلی والوں سے وعدہ کیا تھا اسے اب تک پورا نہیں کیا ہے۔ بی جے پی نے وعدہ کیا تھا کہ وہ پردھان منتری آواس یوجنا (پی ایم شری) کے تحت جے جے کلسٹر کے رہائشیوں کی زندگی میں بامعنی تبدیلی لائے گی، تاکہ وہ لوگ خوشحال طریقہ سے اپنی زندگی گزار سکیں۔ بی جے پی نے کہا تھا کہ کالکاجی اور اشوک وہار جیسے علاقوں میں پردھان منتری آواس یوجنا (شہری) کی طرح اضافی 3.5 لاکھ لوگوں کو پختہ مکان دیا جائے گا۔ لیکن مدراسی کیمپ میں حکومت کے ذریعہ غیر انسانی کارروائی کے بعد ریکھا گپتا حکومت کا غریب مخالف چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔


دیویندر یادو نے کہا کہ جنگ پورہ کے پاس یہ کالونی 60 سے زائد سالوں سے موجود تھی، لیکن بی جے پی حکومت نے اس پر بلڈوزر چلا کر غیر انسانی کام کیا ہے۔ غریبوں کے گھروں پر بلڈوزر چلا کر جے جے کلسٹر کے رہائشیوں کو برباد کر کے ان کی روزی روٹی تک کو چھین لیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ نریلا میں غریبوں کو الاٹ شدہ فلیٹوں میں بجلی اور پانی کے کنکشن تک کی سہولت نہیں ہے اور یہاں تک پہنچنے کے لیے مناسب ٹرانسپورٹ کنیکٹیویٹی تک دستیاب نہیں ہے۔

دیویندر یادو نے کہا کہ ریکھا گپتا حکومت جے جے کلسٹرس کو منہدم کرنے اور ریہڑی پٹری والوں کو اجاڑنے کے لیے پیش پیش رہی ہیں۔ جب سے بی جے پی اقتدار میں آئی ہے اپنی غریب مخالف ذہنیت کے تحت اب تک سیکڑوں پریواروں کو اجاڑ کر دہلی سے باہر کر چکی ہے۔ حالانکہ یہ غریب لوگ دہلی کی ترقی میں اہم کردار اد کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔