بہار: ذات پر مردم شماری سے پریشان بی جے پی نے آبادی کنٹرول قانون کا کیا مطالبہ!

بی جے پی کے مطالبہ کو خارج کرتے ہوئے جنتا دل یو کے ریاستی صدر امیش کشواہا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار اس ایشو پر کئی بار رد عمل دے چکے ہیں، تعلیم عام کرنے کے ساتھ ہی آبادی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

بی جے پی، جے ڈی یو / آئی اے این ایس
بی جے پی، جے ڈی یو / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بہار میں بھگوا پارٹی کی تمام رخنہ اندازیوں کے باوجود ذات پر مبنی مردم شماری کو لے کر راستہ صاف ہونے کے بعد اب بی جے پی نے آبادی کنٹرول پر قانون کا مطالبہ کر دیا ہے۔ حالانکہ اس کی ساتھی پارٹی جنتا دل یو نے اس مطالبہ کو سرے سے خارج کر دیا ہے۔ کئی لوگ بی جے پی کے مطالبہ کو ذات پر مبنی مردم شماری میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش بتا رہے ہیں۔

ریاست کی نتیش حکومت میں وزیر اور سینئر بی جے پی لیڈر نیرج کمار ببلو نے مطالبہ کیا ہے کہ ذات پر مبنی مردم شماری ہونے کے ساتھ بہار میں آبادی کنٹرول قانون بھی بننا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ بہار میں جو آبادی دھماکہ ہوا ہے، اس پر قابو پایا جائے۔ ببلو نے یہ بھی کہا کہ سڑکوں کی تعمیر لگاتار ہو رہی ہیں، ان کے لائن میں اضافہ کیا جا رہا ہے، لیکن آبادی میں اضافہ کے سبب سڑکوں پر جام کی حالت بن رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بہار میں آبادی کنٹرول قانون کا بننا ضروری ہے، جس سے ترقی کو لوگ محسوس کر پائیں۔ قابل ذکر ہے کہ مرکزی وزیر گری راج سنگھ بھی آبادی کنٹرول قانون لانے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔


بہرحال، بی جے پی کے اس مطالبہ پر جنتا دل یو کے ریاستی صدر امیش کشواہا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار اس معاملے پر کئی بار اپنی رائے دے چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تعلیم کے پھیلاؤ کے ساتھ ہی بڑھتی آبادی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست میں آبادی اضافہ کی شرح میں گراوٹ آ رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */