نئی دہلی سے بی جے پی امیدوار پرویش ورما نے تالکٹورا اسٹیڈیم کا نام بھگوان والمیکی کے نام پر رکھنے کا کیا عزم
پرویش ورما نے کہا کہ والمیکی سماج پسماندہ سماج اور درج فہرست سماج ہے، جب تک ہم درج فہرست ذات کو آگے لے کر نہیں آئیں گے تب تک ملک آگے نہیں بڑھے گا۔

پرویش ورما، تصویر آئی اے این ایس
دہلی اسمبلی انتخاب کی جاری سرگرمیوں کے درمیان سیاسی لیڈران کے وعدوں اور بیان بازیوں کا سلسلہ بھی اپنے عروج پر ہے۔ نئی دہلی اسمبلی سیٹ سے بی جے پی امیدوار پرویش ورما نے ووٹرس کے سامنے ایک نیا وعدہ کر دیا ہے جو سرخیوں میں ہے۔ 3 فروری کو پرویش ورما نے اپنے ایک بیان میں عزم ظاہر کیا ہے کہ تالکٹورا اسٹیڈیم کا نام بدل کر بھگوان مہرشی والمیکی کے نام پر رکھا جائے گا۔
پرویش ورما کا کہنا ہے کہ 8 فروری 2025 کے بعد ہونے والی پہلی این ڈی ایم سی میٹنگ میں تالکٹورا اسٹیڈیم کا نام بدل کر بھگوان مہرشی والمیکی کے نام پر رکھنے کی تجویز لائی جائے گی۔ تجویز پاس کر اسے آفیشیل طریقے سے نافذ کیا جائے گا۔ پرویش ورما نے کہا کہ ’’والمیکی سماج پسماندہ سماج ہے، درج فہرست سماج ہے۔ جب تک ہم درج فہرست ذات کو آگے لے کر نہیں آئیں گے، تب تک ملک آگے نہیں بڑھے گا۔‘‘
واضح رہے کہ پرویش ورما کا مقابلہ نئی دہلی اسمبلی سیٹ سے عآپ امیدوار اروند کیجریوال اور کناگریس امیدوار سندیپ دیکشت سے ہے۔ تینوں کے درمیان زبردست ٹکر کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔ کچھ میڈیا رپورٹس کا کہنا ہے کہ پارٹیوں کے اندرونی سروے میں بھی تینوں امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کا پتہ چل رہا ہے۔
بہرحال، تالکٹورا اسٹیڈیم دہلی میں موجود ایک اِنڈور اسٹیڈیم ہے۔ اس کی صلاحیت 3035 لوگوں کی ہے۔ اسٹیڈیم کی ملکیت اور مینجمنٹ این ڈی ایم سی کے پاس ہے۔ اس کا نام مغل دور کے ایک باغیچہ کے نام پر رکھا گیا ہے، جسے تالکٹورا گارڈن کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اسٹیڈیم احاطہ میں تالکٹورا سوئمنگ پول بھی شامل ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔