پرویش ورما کے خلاف ایف آئی آر، کیجریوال کا طنز: ’نااہل ہونے کی پوری کوشش میں مگر الیکشن کمیشن مانتا ہی نہیں‘
بی جے پی امیدوار پرویش ورما کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ کیجریوال نے طنزیہ کہا، ’پرویش وِرما نااہل ہونے کی پوری کوشش کر رہے ہیں، مگر الیکشن کمیشن مانتا نہیں‘

اروند کیجریوال / آئی اے این ایس
نئی دہلی: بی جے پی کے امیدوار پرویش ورما کے خلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ وہ نئی دہلی اسمبلی حلقے سے عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور سابق وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کے مدمقابل انتخاب لڑ رہے ہیں۔
پرویش ورما پر ایف آئی آر کے اندراج کے بعد اروند کیجریوال مسلسل ان پر نشانہ لگا رہے ہیں۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر طنز کرتے ہوئے کہا، ’’پرویش ورما نااہل ہونے کی پوری کوشش کر رہے ہیں لیکن الیکشن کمیشن ان کی بات مانتا ہی نہیں!‘‘
کیجریوال نے ایک اور پوسٹ میں کہا، ’’دنیا بھر میں لوگ کہہ رہے ہیں کہ کھلے عام پیسہ اور سامان بانٹا جا رہا ہے لیکن الیکشن کمیشن کہہ رہا ہے کہ انہیں کوئی ثبوت یا گواہ نہیں مل رہے۔‘‘
خیال رہے کہ مندر مارگ تھانے میں پرویش ورما کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم رٹرننگ افسر نے دیا تھا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے والمیکی مندر کے احاطے میں ووٹروں کو جوتے تقسیم کیے، جس کی ویڈیو بھی وائرل ہو چکی ہے۔
عام آدمی پارٹی نے مسلسل پرویش ورما پر الزام لگایا ہے کہ وہ نقد رقم، جوتے، کمبل اور ساڑیاں تقسیم کر کے ووٹروں کو متاثر کر رہے ہیں۔ پارٹی نے سوشل میڈیا پر متعدد ویڈیوز شیئر کیں اور الیکشن کمیشن سے بار بار شکایت کی ہے کہ وِرما طاقت کے زور پر جیتنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے رویے پر سوال اٹھاتے ہوئے کیجریوال نے انتخابی ضابطوں پر عمل درآمد میں غیرجانبداری کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ معاملہ سیاسی طور پر خاصی گرما گرمی پیدا کر چکا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔