بی جے پی کی حمایت یافتہ کوثر جہاں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی سربراہ مقرر، عام آدمی پارٹی نے لگایا دھاندلی کا الزام

کمیٹی کے انتخاب پر عام آدمی پارٹی نے اعتراض ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ دہلی کے ایل جی نے مبینہ طور پر ایک مرتبہ پھر بے ایمانی کی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی حج کمیٹی کی سربراہ مقرر ہونے والی بی جے پی رہنما کوثر جہاں / ٹوئٹر /&nbsp;<a href="https://twitter.com/bjpmm_delhi">@bjpmm_delhi</a></p></div>

دہلی حج کمیٹی کی سربراہ مقرر ہونے والی بی جے پی رہنما کوثر جہاں / ٹوئٹر /@bjpmm_delhi

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے سربراہ کے لئے ہونے والے انتخاب میں بی جے پی کی حمایت یافتہ امیدوار کوثر جہاں نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔ کوثر جہاں اس عہدے پر فائز ہونے والی دوسری خاتون ہیں اور اس سے قبل کانگریس رہنما تاجدار بابر حج کمیٹی کی چیئر پرسن رہ چکی ہیں۔ کمیٹی کے انتخاب پر عام آدمی پارٹی نے اعتراض ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ دہلی کے ایل جی نے مبینہ طور پر ایک مرتبہ پھر بے ایمانی کی ہے۔

کوثر جہاں کو دہلی سکریٹریٹ میں ہونے والے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے انتخاب میں ارکان کی جانب سے ڈالے گئے تمام 5 میں سے تین ووٹ حاصل ہوئے کمیٹی کے تمام چھ ارکان میں عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے دو دو، عالم دین محمد سعد اور کانگریس کی کونسلر نازیہ دانش شامل ہیں۔ کمیٹی کے ارکان میں رکن پارلیمنٹ گوتم گمبھیر بھی شامل ہیں۔


دہلی حج کمیٹی کی سربراہ منتخب ہونے پر کوثر جہاں نے کہا ’’چیئرپرسن کے عہدے کے لیے تقرری اور کمیٹی کی تشکیل کا عمل ایل جی نے کیا ہے۔ انتخاب تمام قواعد کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کرایا گیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا ’مودی حکومت نے مسلم کمیونٹی کے حقوق کی جنگ لڑی ہے۔ تین طلاق پر پابندی کے بعد خواتین خود کو محفوظ محسوس کر رہی ہیں۔ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم عازمین حج کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے کام کریں۔‘‘

دوسری طرف عام آدمی پارٹی نے دہلی حج کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے کے انتخاب کو لے کر ایل جی کو نشانہ بنایا ہے۔ عآپ کے ترجمان سوربھ بھاردواج نے کہا ’’ایل جی نے ایک بار پھر بے ایمانی کی ہے۔ حج کمیٹی میں 6 ممبران ہیں، جن کے نام دہلی حکومت نے بھیجے ہیں۔ یہ 6 ممبران اتفاق رائے سے اپنے چیئرمین کا انتخاب کرتے ہیں۔ اس بار ایل جی نے چالاکی سے نام تبدیل کر کے 6 ممبران نامزد کر دیئے، جسے بی جے پی اپنی جیت قرار دے رہی ہے۔‘‘


وہیں، دہلی بی جے پی کے کارگزار صدر وریندر سچدیوا نے کوثر جہاں کو حج کمیٹی کی چیئرپرسن منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا ’’کوثر جہاں کو دہلی حج کمیٹی کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد۔ دہلی حج کمیٹی میں بی جے پی کے امیدوار کی جیت سے یہ واضح ہے کہ اب مسلم کمیونٹی بھی ملک کی ترقی کے دھارے یعنی نریندر مودی سے جڑنے کے لئے بے چین ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔