بی جے پی اور عآپ کو ایوان میں عوامی مسائل پر بحث کرنی چاہی تھی، لیکن انھوں نے 4 دن ضائع کر دیا: دیویندر یادو
دیویندر یادو نے کہا کہ حکمراں بی جے پی اور اپوزیشن عآپ کو ایوان میں عوامی مسائل پر بحث کرنی چاہیے تھی، لیکن 4 دن کا وقت انھوں نے بے بنیاد موضوعات پر فضول مباحث میں ضائع کر دیا۔

نئی دہلی: دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے آج اپنے ایک بیان میں کہا کہ 5 روزہ اسمبلی اجلاس اب تک عوامی مسائل سے دور رہا ہے۔ حکمراں بی جے پی اور عآپ دہلی کی عوام کو گمراہ کرنے کے لیے غیر موثر بحثوں میں ٹیکس دہندگان کا پیسہ ضائع کر رہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس وقت دہلی کو درپیش سنگین مسائل جیسے جھگی جھونپڑی بستیاں (جے جے کلسٹر)، شہر میں آبی جماؤ، بڑھتی ہوئی منشیات کی تجارت، جرائم کی شرح میں اضافہ اور خواتین کو ماہانہ 2500 روپے دینے کے وعدے پر حکومت کی خاموشی اور عام آدمی پارٹی کی خاموشی دونوں جماعتوں کی ملی بھگت کو ظاہر کرتی ہے۔
دیویندر یادو نے کہا کہ دہلی میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور مہنگائی پر بات نہ کرنا ظاہر کرتا ہے کہ ریکھا حکومت اور عام آدمی پارٹی عوامی مسائل کے تئیں کتنی غیر حساس ہیں۔ حکومت میں آنے سے پہلے بی جے پی نے مارشلز، آنگن واڑی، آشا ورکرز، کانٹریکٹ پر کام کرنے والے اساتذہ، اسپتالوں کے ڈاکٹروں، نرسوں، ٹیکنیکل اور پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر سرکاری محکموں میں ہزاروں کانٹریکٹ ملازمین و صفائی کارکنوں کو مستقل کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اب حکومت اس سے پیچھے کیوں ہٹ رہی ہے؟
دیویندر یادو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا ایک خاتون ہونے کے باوجود خواتین کے باورچی خانوں پر بڑھتے بوجھ کو کم کرنے کے لیے کچھ نہیں کر رہیں۔ مہنگائی اتنی بڑھ چکی ہے کہ سبزیاں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، ٹماٹر 100 روپے سے اوپر فروخت ہو رہا ہے، لیکن حکومت کو اس کی کوئی فکر نہیں۔ بی جے پی کے رہنما جھگی بستیوں میں رکشا بندھن کا تہوار منانے کا اعلان کر کے غریبوں کے جذبات سے محض کھیل کھیل رہے ہیں۔
دہلی کانگریس صدر کا کہنا ہے کہ میں وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ ابھی تک عام آدمی پارٹی کی حکومت کے ذریعہ بدعنوانی سے متعلق پیش کی گئی سی اے جی رپورٹ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی گئی؟ کیا بی جے پی نہیں چاہتی کہ عوام کے پیسے کو برباد کرنے والے عام آدمی پارٹی کے رہنماؤں کو سزا ملے؟ انہوں نے کہا کہ کووڈ کے دوران تعمیراتی مزدوروں کی تعداد میں درج بدعنوانی، مالی سال 24-2023 کی ریاستی مالی حالت اور سرکاری اخراجات پر پیش کی گئی سی اے جی رپورٹ اور دہلی اسکول ایجوکیشن بل-2025، جسے پرائیویٹ اسکولوں کو فائدہ دینے اور والدین کے مفادات کے خلاف لایا گیا، سب پر بی جے پی خاموش ہے۔ شراب گھوٹالے سمیت اب تک پیش کی گئی 10 سی اے جی رپورٹس میں پائے گئے قصورواروں پر کارروائی نہ ہونا دونوں جماعتوں کی ملی بھگت کو ظاہر کرتا ہے۔
دیویندر یادو نے آخر میں کہا کہ میرا بی جے پی حکومت کو مشورہ ہے کہ دہلی میں حکومت آپ کی ہے، تو گزشتہ حکومت کے صحیح اور غلط فیصلوں پر کارروائی کرنا بھی آپ کی ذمہ داری ہے۔ اسمبلی میں فضول بحثیں کر کے ایوان کا قیمتی وقت ضائع نہ کریں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ مثبت فیصلے لے اور تحقیقاتی ایجنسیوں سے تحقیقات کا حکم دے۔ ایوان میں صرف عوام کے مسائل پر بحث ہونی چاہیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔