پنجاب میں بی جے پی اتحاد کی سیٹ شیئرنگ کا اعلان، کیپٹن امرندر کو ملی 37 سیٹیں

بی جے پی صدر جے پی نڈا نے کہا کہ ’’پنجاب سرحد پر واقع ریاست ہے، ملک کی سیکورٹی کے لیے پنجاب میں استحکام اور مضبوط حکومت بنانا ضروری ہے۔‘‘

بی جے پی کے صدر جے پی نڈا / تصویر یو این آئی
بی جے پی کے صدر جے پی نڈا / تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

پنجاب اسمبلی انتخاب کے پیش نظر بی جے پی اتحاد نے سیٹ شیئرنگ کے تعلق سے اب سب کچھ صاف کر دیا ہے۔ 117 رکنی پنجاب اسمبلی کے لیے آئندہ 20 فروری کو ووٹنگ ہونے والی ہے اور بی جے پی اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ 65 سیٹوں پر بی جے پی اپنے امیدوار کھڑا کرے گی۔ کیپٹن امرندر سنگھ کی پارٹی ’پنجاب لوک کانگریس‘ کو 37 سیٹوں اور سکھدیو سنگھ ڈھینڈسا کی پارٹی ’سنیوکت اکالی دل-ڈھینڈسا‘ کو 15 سیٹوں پر امیدوار کھڑا کرنے کی اجازت ملی ہے۔

پیر کے روز پنجاب کے لیے بی جے پی اتحاد کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی صدر جے پی نڈا نے کہا کہ ’’پنجاب سرحد پر واقع ریاست ہے۔ ملک کی سیکورٹی کے لیے پنجاب میں استحکام اور مضبوط حکومت بنانا ضروری ہے۔ پاکستان کی حرکتیں ہمارے ملک کے لیے کیسی رہی ہیں، یہ ہمیں معلوم ہے۔ ہم نے وہاں پر دیکھا ہے کہ ڈرگس کی اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ کی کوشش ہوتی رہتی ہے۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ پنجاب میں اتحاد سے متعلق رسمی اعلان سے قبل کیپٹن امرندر سنگھ اور ایس ایس ڈھینڈسا کی امت شاہ اور جے پی نڈا کے ساتھ میٹنگ ہوئی تھی۔ اس میٹنگ میں پنجاب بی جے پی کے انچارج گجیندر سنگھ شیخاوت بھی موجود تھے۔ بعد ازاں جے پی نڈا نے کہا کہ ملک کی سیکورٹی کے لیے پنجاب کے لوگوں نے اپنی قربانیاں دی ہیں۔ پنجاب نے ملک کو جو فوڈ سیکورٹی دی ہے، اسے بھی ملک کبھی فراموش نہیں کر سکتا۔ پنجاب نے ہماری امیدوں کو ہمیشہ پورا کیا ہے۔

واضح رہے کہ بی جے پی نے جمعہ کو پنجاب اسمبلی انتخاب کے لیے 34 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی تھی۔ پارٹی کی اس فہرست میں کسان فیملی کے 12 لیڈروں، 13 سکھ لیڈروں اور 8 دلت لیڈروں کو ٹکٹ دیا گیا تھا۔ کیپٹن امرندر سنگھ نے بھی 22 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی جس میں ہندوستانی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اجیت پال سنگھ کو ناکیدار سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ کیپٹن امرندر سنگھ خود پٹیالہ شہر سیٹ سے انتخاب لڑیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔