بکرو واقعہ: وکاس دوبے کی مدد کے الزام میں جیل میں بند تھانہ انچارج اور انسپکٹر کی ملازمت ختم!

3 جولائی 2020 کو بکرو گاؤں میں گینگسٹر وکاس دوبے کے گھر پر چھاپہ مارنے گئی پولیس ٹیم پر اس کے ساتھیوں نے حملہ کیا تھا، جس میں 8 پولیس اہلکاروں کی موت ہو گئی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بکرو قتل عام کے تقریباً 22 مہینے بعد گینگسٹر وکاس دوبے کی مدد کرنے کے الزام میں جیل میں بند اس وقت کے تھانہ انچارج ونئے تیواری اور انسپکٹر کے کے شرما کی ملازمت ختم کر دی گئی ہے۔ پولیس نے جمعرات کو کہا کہ دونوں کو محکمہ جاتی جانچ میں قصوروار پایا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ 3 جولائی کو بکرو گاؤں میں گینگسٹر وکاس دوبے کے گھر پر چھاپہ مارنے گئی پولیس ٹیم پر اس کے ساتھیوں نے حملہ کر دیا تھا۔ اس واقعہ میں اس وقت کے زونل افسر دیویندر مشرا سمیت 8 پولیس اہلکاروں کی موت ہو گئی تھی۔ بعد میں واقعہ کے ایک ہفتے کے اندر ہی وکاس دوبے سمیت چھ ملزمین لگاتار انکاؤنٹر میں مارے گئے۔ معاملے کی جانچ میں چوبے پور کے سابق تھانہ انچارج ونئے کمار تیواری اور کے کے شرما وکاس دوبے کی مدد کرتے پائے گئے۔ الزام ہے کہ انھوں نے وکاس دوبے کو پولیس چھاپہ ماری کی اطلاع پہلے ہی دے دی تھی۔


دونوں معطل پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر جیل بھیجا گیا۔ دونوں کی الگ الگ محکمہ جاتی جانچ شروع کی گئی۔ جانچ افسر ایڈیشنل پولیس کمشنر آنند کلکرنی نے بتایا کہ معاملے کی جانچ رپورٹ حکومت کو سونپ دی گئی جس پر دونوں پولیس اہلکاروں کو برخواست کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔