بہار کی حکمران جماعت اور حزب اختلاف نے ذات پر مبنی مردم شماری کے سلسلے میں مودی سے کی ملاقات

نتیش کمار نے کہا کہ ذات پر مبنی مردم شماری کے سلسلے میں وزیراعظم کو پوری بات بتا دی گئی ہے اور انہوں نے اس مردم شماری سے انکار نہیں کیا ہے۔

 نریندر مودی، تصویر پی آئی بی
نریندر مودی، تصویر پی آئی بی
user

یو این آئی

نئی دہلی: بہار میں حکمراں جماعت جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اتحاد اور اہم اپوزیشن راشٹریہ جنتا دل کے لیڈروں نے ذات پر مبنی مردم شماری کرانے کے مطالبے کے سلسلے میں آج یہاں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔

وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور اسمبلی میں حزب اختلاف کے لیڈر تیجسوی یادو کی قیادت میں دس سیاسی جماعتوں کے لیڈروں نے ساؤتھ بلاک میں واقع وزیر اعظم کے دفتر میں مودی سے ملاقات کی۔ وفد میں بہار کے وزیر وجے کمار چودھری، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر جنک رام، کانگریس کے لیڈر اجیت شرما، ہندوستان عوامی مورچہ کے جیتن رام مانجھی، مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے رکن اسمبلی اجے کمار، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے لیڈر سورج کانت پاسوان، وی آئی پی پارٹی کے لیڈر مکیش ساہنی، آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے اختر امام شامل تھے۔


نتیش کمار نے وزیر اعظم مودی سے ملنے کے بعد کہا کہ پی ایم مودی نے ان کی باتوں کو غور سے سنا ہے اور وہ ذات پرمبنی مردم شماری پر فیصلہ ضرور لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ذات پر مبنی مردم شماری کے سلسلے میں وزیراعظم کو پوری بات بتا دی گئی ہے اور انہوں نے اس مردم شماری سے انکار نہیں کیا ہے۔

نتیش کمار نے کہا کہ اگر اس مردم شماری سے درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل، دیگر پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کے حوالے سے صحیح معلومات مل جائے تو مناسب فیصلہ لیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں 2020 اور 2021 میں ذات پر مبنی مردم شماری کے سلسلے میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس درمیان ایک وزیر نے ذات پر مبنی مردم شماری کے سلسلے میں ایک بیان دیا تھا، اس سے لیڈروں میں بے چینی پیدا ہوگئی۔ بعد میں وزیر اعظم سے ملنے کے سلسلے میں ایک خط بھیجا گیا اور انہیں اس کی اجازت مل گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */