نیتی آیوگ کے انتباہ کے بعد خوف، ستمبر میں کورونا کے یومیہ چار لاکھ کیس آسکتے ہیں

ہندوستان میں گزشتہ دو ماہ سے کورونا کی وبا کا خوف ختم ہوتا نظر آ رہا تھا، لیکن اب نیتی آیوگ نے اپنے بیان کے ذریعہ پھر ماحول میں کورونا کے خوف کو پھیلا دیا ہے۔

نیتی آیوگ، تصویر آئی اے این ایس
نیتی آیوگ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں کورونا کا خوفناک چہرا ایک مرتبہ پھر نظر آ سکتا ہے۔ نیتی آیوگ نے کورونا کی تیسری لہر کو لے کر انتباہ دیا ہے اور خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ستمبر میں کورونا کے یومیہ چار سے پانچ لاکھ کیس آ سکتے ہیں، اور ہر 100 معاملوں میں سے 23 کو اسپتال میں داخل کرانے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ نیتی آیوگ نے کہا ہے کہ ایسے میں پہلے سے ہی دو لاکھ آئی سی یو بیڈ تیار رکھنے کی ضرورت ہے۔

انگریزی روزنامہ ’دی انڈین ایکسپریس‘ کی رپورٹ کے مطابق نیتی آیوگ نے کورونا کی دوسری لہر کے بعد بڑی تعداد میں اسپتال میں کووڈ بیڈ الگ رکھنے کی سفارش کی ہے۔ نیتی آیوگ کا کہنا ہے کہ خراب حالات سے نمٹنے کے لئے پہلے سے تیار رہنا ہوگا۔ ستمبر تک دو لاکھ آئی سی یو بیڈ تیار کئے جانے چاہئے۔ اس کےعلاوہ ایک لاکھ سے زیادہ وینٹی لیٹر والے آئی سی یو بیڈ، سات لاکھ آکسیجن والے بیڈ اور دس لاکھ کووڈ آئیسولیشن کیئر بیڈ ہونے چاہئے۔


واضح رہے نیتی آیوگ نے اس سے پہلے بھی ستمبر 2020 میں کورونا کی دوسری لہر کے بارے میں کہا تھا اور اس وقت اس نے 100 متاثرہ لوگوں میں سے 20 مریضوں کو اسپتال میں داخل ہونے کی ضرورت بتائی تھی، لیکن اس بار ان کا اندازہ پچھلی بار سے بہت زیادہ ہے۔ ہندوستان میں گزشتہ 56 دنوں میں یومیہ پچاس ہزار سے کم کورونا کے معاملہ رپورٹ ہو رہے ہیں اور اتوار کو جاری اعداد و شمار کے مطابق 25 ہزار کورونا کے معاملہ رپورٹ ہوئے اور اس وبا سے 385 افراد کی موت ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔