بہار کی این ڈی اے حکومت جرائم کی بنیاد گزار، ریاست میں 2005 سے 2025 تک جرائم میں 500 فیصد کا اضافہ: کانگریس

اجے کمار نے کانگریس حکمراں ریاستوں کا ذکر کرتے ہوئے وہاں ہو رہے مفاد عامہ کے کاموں کو بتایا، اور بہار میں پارٹی کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں موقع دیجیے، ہم لوگ مایوس نہیں کریں گے۔

<div class="paragraphs"><p>پٹنہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ اجے کمار&nbsp;@drajoykumar</p></div>

پٹنہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ اجے کمار@drajoykumar

user

قومی آواز بیورو

بہار میں رواں سال کی اخیر تک اسمبلی انتخاب ہونے کی امید ہے۔ جس کے لیے تمام سیاسی پارٹیوں نے اپنے طور پر تیاری شروع کر دی ہے۔ کانگریس جو بہار میں آر جے ڈی کے ساتھ انڈیا اتحاد کا حصہ ہے، نے بھی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ اسی ضمن میں کانگریس نے کنہیا کمار کی قیادت میں ’ہجرت روکو، ملازمت دو یاترا‘ شروع کی تھی۔ اب کانگریس ریاستی حکومت کو امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے حوالے سے گھیرنے کی کوشش کی ہے۔ کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ اجے کمار نے دعویٰ کیا ہے کہ 2005 سے لے کر 2025 تک بہار میں مجرمانہ واقعات میں 500 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ مذکورہ باتیں انہوں نے پٹنہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

اجے کمار نے بہار کی این ڈی اے حکومت کو جرائم کا بنیاد گزار قرار دیا اور کہا کہ ان دونوں سیاسی جماعتوں نے مل کر بہار کو برباد کر دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا بہار میں روزانہ 953 گھناؤنے جرائم ہوتے ہیں۔ اگر حالات اسی طرح بدستور قائم رہے تو حکومت کے خاتمے تک یہ اعداد و شمار 1000 تک پہنچ جائیں گے۔ ان جرائم میں اکثر و بیشتر معاملات کے تعلق خواتین اور بچوں سے ہیں۔


کانگریس لیڈر نے محکمہ پولیس میں خالی آسامیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے قریب ایک لاکھ عہدے خالی ہیں۔ مارچ ماہ میں ریاست کے 2 مقامات پر اے ایس آئی کا قتل کر دیا گیا۔ ان دونوں واقعات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ جب ریاست میں پولیس ہی محفوظ نہیں ہے تو عام آدمی کا کیا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے واقعات نہیں ہوتے تھے۔ لیکن آج جرائم کا بول بالا ہے، دلت خواتین کی حالت تشویشناک ہے۔

اجے کمار نے سوال کیا کہ آخر کیا وجہ ہے کہ وزیر اعلیٰ کے ہاتھ سے حکومت کی باگ ڈور چھوٹ رہی ہے؟ نتیش کمار اب پرانے والے نتیش کمار نہیں رہے اب وہ صرف بہار کو دھکیل رہے ہیں اپنی کرسی بچانے کے لیے۔ اقتدار میں آنے کے لیے بہار کو تاریکی میں دھکیل رہے ہیں جو اچھی بات نہیں ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کانگریس حکمراں ریاستوں کا ذکر کرتے ہوئے وہاں ہو رہے مفاد عامہ کے کاموں کو بتایا، اور بہار میں پارٹی کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ انھوں نے بہار کی عوام سے کہا کہ ہم لوگوں کو موقع دیجیے، ہم لوگ مایوس نہیں کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔