راجیہ سبھا کا ٹکٹ کٹنے کے بعد بے چین آر سی پی سنگھ کو سکون کی تلاش!

کہا جا رہا ہے کہ آر سی پی سنگھ سکون کی تلاش میں ہیں، اس کے لیے وہ مذہبی پیشواؤں سے ملاقات کر رہے ہیں اور اس کی جانکاری انھوں نے خود اپنے فیس بک وال پر پوسٹ بھی کی ہے۔

 آر سی پی سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
آر سی پی سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بہار میں برسراقتدار جنتا دل یو کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر آر سی پی سنگھ کا راجیہ سبھا سے پتہ صاف ہونے کے بعد پٹنہ واقع ان کی رہائش بھی چھین لی گئی ہے۔ اس کے بعد ان کے خاص مانے جانے والے پارٹی ترجمان اجئے آلوک سمیت چار لیڈروں کو بھی پارٹی سے باہر کا راستہ دکھا دیا گیا۔ اب مرکزی وزیر کے عہدہ پر بھی تلوار لٹکی ہوئی ہے۔ ایسے میں آر سی پی سنگھ کی پریشانی اور بے چینی بڑھ گئی ہے۔ نتیجہ کار سکون کی تلاش میں وہ مذہبی پیشواؤں کے چوکھٹ تک پہنچ گئے ہیں اور ان کا آشیرواد لے رہے ہیں۔ مذہبی پیشواؤں سے ملاقات کرنے کی جانکاری انھوں نے خود اپنے فیس بک وال پر پوسٹ کی ہے۔

سَنتوں سے آشیرواد لینے کے لیے وہ ہریدوار بھی پہنچے جہاں وہ یوگا گرو بابا رام دیو سے ملے۔ آر سی پی سنگھ نے اپنے فیس بک پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ہندوستانی یوگا کو دنیا کے گوشے گوشے تک پہنچانے والے بابا رام دیو سے ملاقات ہوئی اور ان کے ساتھ پتنجلی یوگ پیٹھ میں واقع ویدک کنیا گروکل کا دورہ کیا۔ اس دوران انھوں نے بابا رام دیو کے ساتھ یوگا بھی کیا۔ آر سی پی سنگھ کا کہنا ہے کہ یوگا کو طرز زندگی کی شکل میں اختیار کرانے میں پتنجلی یوگ پیٹھ کا بہت بڑا تعاون ہے۔


مرکزی وزیر آر سی پی سنگھ اس کے بعد نرنجنی اکھاڑے کے آچاریہ مہامنڈلیشور سوامی کیلاشانند گری مہاراج سے بھی ملے اور ان کا آشیرواد لیا۔ اس کے بعد انھوں نے سوامی کیلاشانند گری مہاراج کے ساتھ اپنی تصویر بھی فیس بک پر پوسٹ کی۔ آر سی پی سنگھ اپنی ہریدوار یاترا کے دوران شانتی کنج ہریدوار میں شیلبالا پنڈیا سے مل کر ان کا آشیرواد حاصل کیا۔ انھوں نے مذہبی پیشواؤں سے آشیرواد لینے کی تصویر پوسٹ کی ہے جس پر لوگ طرح طرح کا رد عمل ظاہر کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 15 Jun 2022, 11:11 PM