این ڈی اے کی کنبہ پروری پر بہار کی سیاست گرم، تیجسوی یادو نے وزیر اعظم مودی سے کیے سوال

تیجسوی یادو نے کہا ہے کہ این ڈی اے کا مطلب ’نیشنل داماد آیوگ‘ ہے اور مودی نے ’آیوگ‘ میں سب کے داماد کو سیٹ کر دیا ہے۔ انہوں نے مودی سے پوچھا، ’کیا وہ تینوں ’جمائی‘ کا اسٹیج پر استقبال کریں گے۔‘

<div class="paragraphs"><p>تیجسوی یادو / آئی اے این ایس</p></div>

تیجسوی یادو / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

بہار میں ’داماد آیوگ‘ اور ’جمائی آیوگ‘ کے نام پر سیاست گرم ہے۔ اس درمیان بہار اسمبلی میں حزب مخالف کے رہنما تیجسوی یادو نے کنبہ پروری کو لے کر این ڈی اے حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ این ڈی اے کا مطلب ’نیشنل داماد آیوگ‘ ہے اور نریندر مودی نے ’آیوگ‘ میں سب کے داماد کو سیٹ کر دیا ہے۔

تیجسوی یادو نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’اگر وزیر اعظم بہار آ رہے ہیں تو کیا وہ تینوں ’جمائی‘ کو مالا پہنائیں گے، اسٹیج پر استقبال کریں گے۔ میرا سوال ہے پی ایم مودی، سنتوش مانجھی کے بہنوئی کو، اشوک چودھری کے داماد کو، چراغ پاسوان کے بہنوئی کو کیا مالا پہنائیں گے؟ وزیر اعظم بتائیں گے این ڈی اے کا مطلب کیا ہے؟ میں بتاتا ہوں، این ڈی اے کا مطلب ہے- نیشنل داماد آیوگ۔‘‘


تیجسوی نے وزیر اعظم مودی کے بہار دورہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ مہنگائی روکنے تو نہیں آ رہے، وہ نوکری دینے تو نہیں آ رہے، غریبی مٹانے تو نہیں آ رہے، وہ ہندو-مسلمان پر نفرت کی سیاست کر رہے ہیں۔

اس سے قبل تیجسوی یادو نے ایک ’اے آئی‘ ویڈیو کے ذریعہ بھی بہار کی این ڈی اے حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے طنز کیا تھا۔ تیجسوی نے ویڈیو ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا- ’’اگر آپ کسی کے ’جمائی‘ ہیں تو وزیر اعظم مودی جی اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار جی کے ذریعہ محفوظ ’بہار راجیہ داماد آیوگ‘ میں اَپلائی نہیں کر سکتے ہیں کیونکہ اس کا کاپی رائٹ خاص لوگوں تک ہی محدود ہے۔ این ڈی اے (نیشنل داماد آیوگ) میں آپ کا بھی استقبال نہیں ہے۔‘‘


غور طلب ہے کہ دوسری سیاسی جماعتوں پر کنبہ پروری کا الزام لگانے والی بی جے پی پی اور اس کے این ڈی اے اتحاد میں دن بہ دن کنبہ پروری بڑھتی ہی جا رہی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کئی مرتبہ آر جے ڈی اور دیگر سیاسی جماعتوں پر کنبہ پروری کا الزام لگاتے ہوئے طنز کرتے رہے ہیں لیکن خود کی پارٹی اور این ڈی اے میں بڑھ رہی کنبہ پروری پر وہ بالکل خاموش ہیں۔ وہیں اب آر جے ڈی سمیت دوسری سیاسی پارٹیاں حملہ آور ہو چکی ہیں اور کنبہ پروری پر بی جے پی اور این ڈی اے کو گھیرنا شروع کر دیا ہے۔ کنبہ پروری پر این ڈی اے کے دوہرے معیار کو عوام کے سامنے مضبوطی سے پیش کیا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔