بہار: ممنوعہ گوشت فروخت کرنے کے شبہ میں مسلم نوجوان کی بے رحمی سے پٹائی، علاج کے دوران موت، سرپنچ گرفتار

سارن ایس پی گورو منگلا کا کہنا ہے کہ منگل کے روز یوگیا گاؤں میں مسجد کے پاس ممنوعہ گوشت کے ساتھ دو نوجوانوں کو گاؤں والوں نے پکڑا اور ان کی پٹائی کر دی۔

موب لنچنگ، تصویر آئی اے این ایس
موب لنچنگ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بہار کے ضلع چھپرہ میں بیف (گائے/بھینس کا گوشت) فروخت کرنے کے الزام میں ایک نوجوان کی بے رحمانہ پٹائی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ زخمی حالت میں اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا لیکن علاج کے دوران اس کی موت واقع ہو گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوان کی شناخت نسیم قریشی کی شکل میں ہوئی ہے۔ اس معاملے میں پولیس نے تین ملزمین کو گرفتار کیا ہے جس میں ایک سرپنچ بھی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ واقعہ رسول پور تھانہ حلقہ کے یوگیا گاؤں کا ہے جہاں سیوان کے دو باشندے گوشت فروخت کر رہے تھے۔ لوگوں کو شبہ ہوا کہ وہ بیف فروخت کر رہا ہے، اس کے بعد گاؤں والوں نے دونوں نوجوان سے پوچھ تاچھ شروع کر دی۔ اس دوران تنازعہ شروع ہو گیا اور پھر ایک نوجوان وہاں سے فرار ہو گیا۔ دوسرے نوجوان کی گاؤں والوں نے بری طرح پٹائی شروع کر دی۔


کچھ لوگوں نے رسول پور تھانہ کو اطلاع دی کہ مبینہ بیف کے ساتھ ایک نوجوان کو پکڑا گیا ہے۔ یہ خبر ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور نوجوانوں کو لوگوں سے چھڑا کر سیوان ضلع کے گھروندا تھانہ کے حوالے کر دیا۔ چونکہ نوجوان کی بری طرح پٹائی کی گئی تھی اور اس کی حالت سنگین بنی ہوئی تھی، اس لیے پولیس نے اسے صدر اسپتال سیوان میں داخل کرایا۔ ابتدائی علاج کے بعد اسپتال نے نوجوان کو بہتر علاج کے لیے پی ایم سی ایچ (پٹنہ) ریفر کر دیا۔ پٹنہ میں علاج کے دوران نوجوان کی بدھ کے روز موت واقع ہو گئی۔ پٹائی کا معاملہ 7 مارچ کا بتایا جا رہا ہے۔

نسیم قریشی کی موت کے بعد اس کے گاؤں میں گہما گہمی کا عالم پھیل گیا۔ مہلوک کے ساتھ دیکھے گئے دوسرے نوجوان (جو فرار ہو گیا تھا) نے بتایا کہ جیسے ہی وہ لوگ گاؤں گئے وہاں سرپنچ نے کہا کہ انھیں پکڑو اور مارو۔ اس کے بعد میں ڈر گیا اور وہیں سائیکل سے اتر گیا، جبکہ دوسرے نوجوان کے ساتھ لوگوں نے مار پیٹ شروع کر دی۔ معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے مہلوک کے بھتیجے کے ذریعہ درج کرائی گئی تحریر پر سلطان پور تھانہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 24 گھنٹے کے اندر سرپنچ سشیل کمار سنگھ، روی ساہ اور اجول ساہ کو گرفتار کر لیا ہے۔


اس معاملے میں سارن ایس پی گورو منگلا کا کہنا ہے کہ منگل کے روز یوگیا گاؤں میں مسجد کے پاس ممنوعہ گوشت کے ساتھ دو نوجوانوں کو گاؤں والوں نے پکڑا اور ان کی پٹائی کر دی۔ اس کی خبر ملنے پر پہنچی پولیس نے نوجوان کو چھڑا کر اسپتال میں داخل کرایا جہاں سے اسے پٹنہ پی ایم سی ایچ ریفر کر دیا گیا۔ وہاں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔