بہار کو ملی ’انتخابی سوغات‘، بھاگلپور سے رامپور ہاٹ تک ڈبل ٹریک کو منظوری، 4 لائنوں والی شاہراہ کا بھی اعلان

مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے بتایا کہ کابینہ نے بھاگلپور-دمکا-رامپور ہاٹ ریلوے لائن ڈویژن (177 کلومیٹر) کی دوہری کاری کو منظوری دی ہے، جس پر مجموعی خرچ 3169 کروڑ روپے ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>اشونی کمار ویشنو، تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

بہار میں انتخاب سے عین قبل مرکزی حکومت نے ریاست کو کچھ ’انتخابی سوغات‘ دینے کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی کابینہ نے 10 ستمبر کو بہار اور پڑوسی ریاستوں میں رابطہ بڑھانے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے 7616 کروڑ روپے کے 2 بڑے پروجیکٹ کو منظوری دی ہے۔ ان اعلانات کے ساتھ اب تک مودی حکومت نے بہار کو 11 لاکھ کروڑ روپے کی تجاویز کو منظوری دے دی ہے۔

مودی کابینہ کی میٹنگ میں لیے گئے فیصلوں کی بریفنگ کرتے ہوئے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے بتایا کہ 3169 کروڑ روپے کے خرچ سے بھاگلپور-دُمکا-رامپور ہاٹ ریل لائن کی دوہری کاری کو منظوری دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 4447 کروڑ روپے کے خرچ سے بکسر-بھاگلپور ہائی اسپیڈ کوریڈور میں 4 لائنوں والی شاہراہ مکامہ-مونگیر ڈویژن کی تعمیر کو منظوری دی گئی ہے۔


مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے اس کوریڈور سے متعلق جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ’’یہ بکسر سے بھاگلپور کوریڈور کا ایک حصہ ہے۔ اس میں 4447 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوگی۔ یہ جنوبی بہار کا ایک اہم پروجیکٹ ہے۔ اس کی لمبائی مکامہ سے مونگیر تک 82 کلومیٹر ہے۔ اس پروجیکٹ کے سبب تقریباً ایک گھنٹے کا وقت بچے گا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’کابینہ نے بھاگلپور-دمکا-رامپور ہاٹ ریلوے لائن ڈویژن (177 کلومیٹر) کی دوہری کاری کو منظوری دی، جس پر مجموعی خرچ 3169 کروڑ روپے ہوگا۔ یہ بہار، جھارکھنڈ اور مغربی بنگال کو جوڑنے والا ایک اہم پروجیکٹ ہے۔‘‘

اشونی ویشنو کا کہنا ہے کہ آزادی کے بعد ریلوے کارگو مستقل گھٹ رہا تھا۔ 27 فیصد کی ذیلی سطح پر پہنچنے کے بعد اب یہ بڑھنے لگا ہے۔ اب ماڈل شیئر تقریباً 29 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ وزیر اعظم کی تیسری مدت کار میں منظور انفراسٹرکچر پروجیکٹ کی مجموعی تعداد تقریباً 11 لاکھ کروڑ روپے کی ہے، جو ایک اہم تبدیلی ہے۔ مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ اس سے روزگار بڑھ رہا ہے اور لوگوں کی زندگی میں تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے۔


واضح رہے کہ بہار میں رواں سال کے آخر تک اسمبلی انتخاب ہونا ہے۔ اس سے قبل کچھ اہم اعلانات مرکزی حکومت کے ذریعہ کیے جا رہے ہیں۔ ریاستی سطح پر بھی نتیش کمار کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کچھ ایسے اعلانات کر رہی ہے جس سے عوام میں موجودگی ناراضگی دور ہو اور ایک بار پھر انھیں برسراقتدار ہونے کا موقع ملے۔ حالانکہ انڈیا بلاک کے تئیں عوام میں زبردست جوش دیکھنے کو مل رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سیاسی ماہرین اس مرتبہ اسمبلی انتخاب میں زبردست ٹکر ہونے کی امید ظاہر کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔